شہر کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر جمع ہونا ہوگا ،میئر کراچی وسیم اختر

ہفتہ 24 فروری 2018 22:17

شہر کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر جمع ہونا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر جمع ہونا ہوگا تاکہ ان مسائل کا مستقل حل تلاش کیا جاسکے، یہ انتہائی افسوس ناک بات ہے پاکستان نوکلیئر پاور ہونے کے باوجود پانی، بجلی اور بلدیاتی مسائل سے دوچار ہے ان تمام مسائل کے حل کیلئے ہم سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا، ماضی میں اسکیمیں صرف کاغذات پر بنتی تھی مگر اب ہم ایسا نہیں ہونے دیا جائے گا، PSL کے فائنل میچ کا کراچی میں انعقاد خوش آئند ہے اس حوالے سے جلد ہی شہر کی بیوٹیفکیشن کا کام شروع کردیا جائے گا، یہ بات انہوں نے ہفتہ کی دوپہر دو کروڑ روپے کی لاگت سے بفر زون یوسی 24میں سوا لاکھ فٹ روڈ اور گلیوں میں جاری ترقیاتی کاموں اور روڈکی استرکاری کے کاموں کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر وائس چیئرمین ضلع شرقی، سید شاکر علی، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی، پارکس کمیٹی کے چیئرمین خرم فرحان، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور اور منتخب نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ سمیت سب کراچی کے مسائل کو حل کرنے کا سوچ رہے ہیں، ہم ایک طرف اچھا کام کرنا شروع کر دیتے ہیں تو ہمارے کاموں میں رکاوٹیں ڈالی جاتی ہیں، کراچی شہر میں پانی کا بہت بحران ہے ، محکمہ فراہمی و نکاسی آب کی یہ ذمہ داری بندی ہے کہ وہ گرمی شروع ہونے سے قبل حل تلاش کریں ،میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں فراہمی اور نکاسی آب کا بہت پرانا نظام موجود ہے جسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اکثر لائنیں چوک ہیں گندہ پانی سڑکوں پر بہتا رہتا ہے جس سے لوگوں میں وبائی امراض پھیل رہے ہیں اور شہریوں کو چلنے میں بھی شدید دشواری کا سامنا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان نوکلیئر پاور ہے لیکن پانی اور بجلی نہیں ہے، یہاں کے لوگ پہلے ہی مسائل کا شکار ہیں ہم شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور محدود وسائل میں رہتے ہوئے جو کرسکتے ہیں وہ کریں گے، جو بھی چھوٹے چھوٹے کام شہریوں کے لئے کرسکتے ہیں وہ کریں گے ، انہوں نے کہا کہ یہاں آنے کے بعد بہت سارے مسائل کا پتا چلا ہے کوشش کریں گے علاقے کے تمام مسائل حل کئے جائیں، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود غیر قانونی پارکنگ موجود ہے ، ہم تجاوزات ہٹاتے ہیں تاہم یہ تجاوزات دوبارہ قائم کرلی جاتی ہیں ضلعی میونسپل کارپوریشنز کو چاہئے کہ جیسے ہی تجاوزات قائم ہوں انہیں فوری طور پر ہٹا دیا جائے زیادہ تر تجاوزات پوش علاقوں میں ہیں اگر پوش علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرنے جائیں تو یہ کہہ کر منع کردیا جاتا ہے کہ یہ کنٹونمنٹ بورڈ کا علاقہ ہے ، فٹ پاتھ پیدل چلنے والوں کا حق ہے لہٰذا فٹ پاتھوں پر سے فوری تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں تاکہ غلطی کی گنجائش کم سے کم ہو، اب ایسا سسٹم بنا رہے ہیں کہ ہمیں کسی سے لڑنا نہیں پڑے گا، اشتہارات کے لئے بننے والی دیواریں ہولڈنگ بورڈ سے زیادہ خطرناک ہیں انہیں ختم کیا جانا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :