پاکستان کی بھارتی فورسزکی جانب سے ایل او سی پر بلا اشتعال سیز فائر کی خلاف ورزی کی مذمت‘ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ دفتر خارجہ طلب‘ بلا اشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج

ہفتہ 24 فروری 2018 22:12

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2018ء) پاکستان نے بھارتی فورسزکی جانب سے ایل او سی پر بلا اشتعال سیز فائر کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے ہفتہ کو بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا اور بلا اشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا گیا۔ہفتہ کوکنٹرول لائن کے نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج نے ا یل او سی سی1200 میٹر دو تھرٹی نار گائوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔

بھارتی گولہ باری کے نتیجے میں ایک بے گناہ شہری شہید اور تین زخمی ہوگئے۔پاک فوج نے جوابی کارروائی میں اس بھارتی چوکی کونشانہ بنایا جہاں سے گولہ باری کی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء و سارک) ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ کو بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے بھارتی فورسز کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ پر احتجاجی مراسلہ انکے حوالے کیا۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ضبط و تحمل کے مطالبے کے باوجود بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کی جارہی ہے۔دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت نے رواں سال کے ابتدائی 53 دنوںکے دوران اب تک کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر400 سے زائد جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی ہیں،جس کے نتیجے میں اب تک 17 بیگناہ افراد شہید اور68 زخمی ہوئے۔ترجمان نے کہا کہ بیگناہ شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا ایک گھناؤنا،انسانی وقار اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے منافی اقدام ہے۔بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے اوراپنی فورسز کو سیز فائر معاہدے کی پاسداری کا پابند بنائے۔