وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ٹریفک پولیس کمپلیکس کا افتتاح کیا

ہفتہ 24 فروری 2018 22:05

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ٹریفک پولیس کمپلیکس کا ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ہفتہ کے روز ٹریفک پولیس کمپلیکس کا افتتاح کیا۔پولیس کمپلیکس پہنچنے پر آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری ، ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرازق چیمہ اور دیگر اعلیٰ پولیس آفسران نے وزیر اعلیٰ کا استقبال کیاجبکہ پولیس کے چاق و چوبنددستے نے وزیراعلیٰ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

صوبائی وزیر تعلیم طاہر محمود خان اور مشیر برائے سوشل ویلفیئر شہزاد صالح بھوتانی بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری نے وزیر اعلیٰ کو ٹریفک پولیس کمپلیکس کے حوالے سے بریفنگ دی بعدازاں وزیراعلیٰ نے پولیس کمپلیکس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کی بہتری کے لئے حکومت جامع اور مربوط منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ شہر میں ٹریفک بغیر کسی تعطل کے چلتی رہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی شہر کی خوبصورتی اس شہر کے ٹریفک کے نظام سے مشروط ہے ، کوئٹہ میں ٹریفک کی بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی وہ خود نگرانی کر رہے ہیں اوراس سلسلے میں بہت جلد کوئٹہ شہر میں لوگوں کو تبدیلی نظر آئیگی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ خود تسلسل سے شہر کے مختلف حصوں کا معائنہ کر رہے ہیں، کوئٹہ شہر کی چند معروف شاہرائوں کو جلد پارکنگ فری زون قرار دیا جائیگا تاکہ لوگوں کو خریدوفروخت کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور کچھ شاہرائوں پر پارکنگ کے نئے ضابطے بھی متعارف کرائے جائینگے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خطرات کے باوجود ان کی بھرپورکوشش ہے کہ شہر میں پروٹوکول کے بغیر نکلیں تاکہ ان کی وجہ سے کسی شہری کو دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ ہم سب کا شہر ہے اس کی خوبصورتی اور بہتری کے لئے سب کو اپناکردار ادا کرناچائیے، اگرہر شہری شہر کی صفائی اور ٹریفک اصولوں کی پاسداری کرے تو کوئی وجہ نہیں ہم ترقی نہ کرسکیں اور ہمارے مسائل کم نہ ہوں۔