لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات، انڈیپنڈنٹ گروپ کے صدارتی امیدوار انوار الحق پنوں صدر منتخب ہو گئے

ہفتہ 24 فروری 2018 22:00

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2018ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن انتخابات میں عاصمہ جہانگیر مر حو مہ گروپ نے حامد خان گروپ کو شکست دے کر انتخابی دنگل جیت لیا۔لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں عاصمہ جہانگیر مرحومہ کے گروپ(انڈیپنڈنٹ گروپ) کے صدارتی امیدوار انوار الحق پنوں3ہزار6سو48ووٹ لے کر ایک سال کیلئے صدر منتخب ہو گئے۔

حامد خان کے پروفیشنل گروپ کے صدارتی امیدوار چوہدری محمد شاہد بٹر2ہزار9سو49ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ ریفارمرز گروپ کے صدارتی امیدوار آذر لطیف خان نی 1164ووٹ حاصل کئے۔نائب صدر کی سیٹ پر چوہدری نورسمند خان2947ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ ان کے مد مقابل امیدواروں میں مسعود گجر1726،شائستہ قیصر1583جبکہ راشدعلی وینس1469ووٹ حاصل کر سکے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری کے لئے دو امیدواروں حسن اقبال وڑائچ اور فیاض احمد رانجھا کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میںحسن اقبال وڑائچ نی4724ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔

ان کے مدمقابل امیدوار فیاض احمد رانجھا 2989ووٹ لے سکے۔فنانس سیکرٹری کے لئے پانچ ا میدواروں کے مابین مقابلہ ہوا۔ جس میںحافظ اللہ یار سپرا نے 2594ووٹ حاصل کر کے کامیابی سمیٹی۔عنصر جمیل نے 2572 ذیشان سلہریانی1485 ،فرخ شہزاد کمبوہ نی748جبکہ احسان سیال نی337ووٹ حاصل کئے۔چیئرمین الیکشن بورڈجاوید اقبال راجہ نے نتائج کا اعلان کیا۔نتائج کا اعلان ہوتے ہی کامیاب امیدواروں کے حامیوں نے جشن منایا۔

ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور احاطہ ہائی کورٹ بار میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔اس موقع پر نو منتخب صدر لاہور ہائی کورٹ بار انوار الحق پنوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ وکلاء کی فلاح و بہبود،ان کے مسائل کا حل اور بار و بنچ کے تعلقات کو مثالی بنانا ان کی ترجیحات میں شامل ہو گا۔وہ بار کو ایک پروفیشنل ادارہ بنائیں گے، پولنگ صبح نو سے شام پانچ بجے تک ایک گھنٹے کے وقفے سے جاری رہی۔پولنگ کا عمل سرانجام دینے کے لئے پانچ پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ۔ پولنگ سٹیشن میں رجسٹرڈ ووٹرز کے علاوہ نان ووٹرز کا داخلہ مکمل بند رہا۔اس کامیابی کے بعد پاکستان بار کونسل،سپریم کورٹ بار،لاہور ہائی کورٹ بار اور لاہور بار میں انڈیپنڈنٹ گروپ برسر اقتدارآگیا ہے۔

متعلقہ عنوان :