کریم گاڑی کے ڈرائیور کے اندھے قتل میں ملوث ملزم عطااللہ 48گھنٹوں میں گرفتار،دو گاڑیاں برآمد

ابتدائی تفتیش کے دوران چار سدہ سے تعلق رکھنے والے ملزم کا ساتھیوں کے ہمراہ وارداتوں کا انکشاف ملزم کے قبضہ سے کریم کی ویگن آر اور دوسرے مقدمہ میں گن پوائنٹ پر چھینی گئی گاڑی گئی ہنڈا سوک بھی برآمد کرلی گئی ، ،دیگر کارروائیوں میں شکر پڑیاں میں سیرو تفریح کے لئے آنے والے شہریوں کو اسلحہ کی نوک پر لوٹنے والے خطرنا ک گروہ کے تین ملزمان کو بھی گرفتارکرلیا گیا ، ایس پی انوسٹی گیشن زبیر احمد شیخ کی پریس کانفرنس

ہفتہ 24 فروری 2018 21:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 فروری2018ء) اسلام آباد پولیس کے انوسٹی گیشن ونگ نے کریم گاڑی کے ڈرائیور کے اندھے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا،ملزم نے سیکٹر ایف الیون مرکز سے رینٹ پر گاڑی بک کی اور سیکٹر جی تیرہ میں اسلحہ کی نوک پر ڈرائیور سے چھیننے کی کوشش کی مزاحمت پر ڈرائیور کو گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا ۔

ایس پی انوسٹی گیشن زبیر احمد شیخ نے بتایا کہ ملزم سے ایک چھینی گئی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے ،دیگر کارروائیوں میں سی آئی اے پولیس نے شکر پڑیاں میں سیرو تفریح کے لئے آنے والے شہریوں کو اسلحہ کی نوک پر لوٹنے والے خطرنا ک گروہ کے تین ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی انوسٹی گیشن زبیر احمد شیخ نے سی آئی اے ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مورخہ 22.02.2018کونامعلوم ملزم نے سیکٹر ایف الیون مرکز شاہین کیمسٹ کے قریب سے کریم گاڑی کی بکنگ کے لئے کال کی توسوزوکی Wagon-R رجسٹریشن نمبر AEG/658-ICTموقع پر آگئی ۔

(جاری ہے)

نامعلوم ملزم نے گاڑی کو بک کیا اور سیکٹر جی تیرہ کے قریب ڈرائیور سے پسٹل کی نوک پر گاڑی چھیننے کی کوشش کی مزاحمت پر نامعلوم ملزم نے فائرنگ کر کے ڈرائیور کو قتل کر دیا اور گاڑی لے گیا۔مقتول کا بعد ازاں نام جنید مصطفی معلوم ہوا ۔پولیس نے کارروائی ضابطہ عمل میں لاتے ہوئے مقتول کے بھائی مسمی سہیل مصطفٰی ولد غلام مصطفٰی قوم راجپوت مکان نمبر 911/CB گلی نمبر 02 جھنڈا چیچی راولپنڈی کے بیان پر مقدمہ نمبر 85مورخہ 22.02.2018بجرم 392/302ت پ تھانہ گولڑہ درج رجسٹر کیا اور تفتیش مقدمہ عمل میں لائی ۔

کریم ٹیکسی کے ڈرائیور ز نے گزشتہ روز پریس کلب اور شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا ۔انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لئے ایس ایس پی اسلام آباد نجیب الرحمان بگوی کو ٹاسک دیا جنہوں نے زبیر احمد شیخ ایس پی انوسٹی گیشن کی زیر نگرانی انسپکٹر انیس اکبر انچارج کار سیل ،انسپکٹر محمدریاض،طارق روف سب انسپکٹر ،محمد اشرف،اکرم رانجھا،ذوالفقار علی اور کمال خان اے ایس آئیز پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دی ۔

تشکیلی ٹیم نے تفتیش عمل میں لاتے ہوئے ملزم کو اس کے موبائل نمبر جس سے کریم کنٹرول کو فون کر کے ٹیکسی بک کی اس کا ڈیٹا حاصل کرکے ملزم کی تلاش کی گئی اور اس کو مورخہ 24-02-2018 کو گرفتار کر لیا گیا ۔ ملزم کے قبضہ سے ایک اور مقدمہ 46/18مورخہ 12.02.2018بجرم 392ت پ تھانہ شالیمار اسلام آباد کے مقدمہ میں گن پوائنٹ پر چھینی گئی گاڑی نمبری 781-ACYماڈل 2017ہنڈا سوک برآمد کر لی جو اس ملزم نے حید ر علی ولد اصغر علی سے مورخہ 11.02.2018کو رات 03.20بجے سیکٹر ایف ٹین فور میں اس کے گھر کے سامنے سے اس وقت چھین لی تھی جب وہ گاڑی پارک کر رہا تھا ۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم عطااللہ سکنہ چار سدہ نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ وارداتوں کا انکشاف کیا ہے اور چھینی گئی اور آلہ قتل کی برآمدگی کا انکشاف کیا ہے۔ واضح رہے کہ انوسٹی گیشن ونگ پولیس نے انتہائی قلیل وقت میں اس اندھے قتل کو ٹریس کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا ۔ایس پی انوسٹی گیشن زبیر احمد شیخ نے بتلایا کہ سی آئی اے پولیس نے شکر پٹریاں سیرو تفریح میں آنے والے شہریوں کو گن پوائنٹ پر لوٹنے والے تین ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا ملزمان کے قبضہ سے 02 پسٹل اور موبائل فون برآمد کیے ملزمان میں شیرا ز خان سکنہ ضلع چارسدہ حال بھارہ کہو (اشتہاری ) ، ارشد رحمان سکنہ چارسدہ حال گنج منڈی ضلع راولپنڈی (اشتہاری ) ، حسن خان ضلع چارسدہ حال بھارہ کہو ان کے خلاف تھانہ آبپارہ میں راہ زنی کے دومقدمات اور دو اسلحہ کی برآمدگی کے درج ہیں ۔

نوٹ۔اس گروہ میں ملزمان شیراز خان اور حسن خان دونوں سگے بھائی ہیں ایس ایس پی اسلام آباد نے بھی CIAپولیس کی ان کاروائیوں پر پولیس ٹیم میں شامل افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے تعریفی اسناد اور نقد انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹیم کے لئے آئی جی اسلام آباد سے بھی خصوصی انعامات کی سفارش کی جائے گی ۔