کوئٹہ، صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے بھر پور اقدامات کررہی ہے، میر شہزاد صالح بھوتانی

مسائل کو چیلینج سمجھ کر ان کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، معاون خصوصی

ہفتہ 24 فروری 2018 21:46

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 فروری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی برائے سماجی بہبود میر شہزاد صالح بھوتانی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں بلوچستان کے عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے بھر پور اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس ضمن میں معاشی، سماجی و دیگرمسائل کا سامنا ہے لیکن ان تمام باتوں سے قطع نظر ہم ان مسائل کو چیلینج سمجھ کر ان کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سماجی بہبود حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خصوصی فنڈ سے صوبے کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے 75 جوڑوں کی اجتماعی شادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیںاس بات کا بخوبی احساس ہے کہ ہمارے صوبے میں بسنے والے لوگوں کی اکثریت غریب ہے جو اپنی غربت اورناداری کی وجہ سے اپنے نوجوان بچوں کی بروقت شادی نہیں کرواسکتے لہٰذا محکمہ سماجی بہبود اپنے محدود وسائل کے باوجود ان نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کی شادی کیلئے ممکنہ وسائل فراہم کررہی ہے تاکہ ان بچوں کے والدین کے بوجھ میں کمی واقع ہوسکے۔

اس موقع پر سیکریٹری سماجی بہبود سردار خان بگٹی نے اجتماعی شادی کی تفصیلات سے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سال محکمہ کی جانب سے کل سو 100 جوڑوں کی اجتماعی شادی کرائی جائے گی جن میں سے 75 جوڑوں کی شادی کوئٹہ میں جبکہ پچیس 25جوڑوں کی اجتماعی شادی نصیر آباد میں کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان شادیوں پر حکومت کی جانب سے تقریبا ً 2کروڑ روپے خرچ کیئے جائیں گے۔ جس میں ہر جوڑ ے کی شادی پر 2لاکھ روپے خرچاہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام جوڑوں کو ان کے شادی کے موقع پر بنیادی گھریلواستعمال کے اشیاء کے علاوہ دلہن کو ایک سونے کا سیٹ بھی دیا جائے گا۔ جبکہ آئندہ سال محکمہ کی جانب سے کوششیں کی جارہی ہیں کہ شادی شدہ جوڑوں کی تعدادکو 100سو سے بڑھا کر 200دو سو کیا جائے۔