مقبوضہ کشمیر،بھارت اور پاکستان کے درمیان سرحدی کشیدگی خطے کیلئے خطرناک ہے، حریت فورم

عالمی برادری جنوبی ایشیا کو ممکنہ تباہ کن جنگ سے بچانے ،مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، ترجمان

ہفتہ 24 فروری 2018 21:43

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں میرواعظ عمرفاروق کی زیرقیادت حریت فوم نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی کو پورے خطے کیلئے انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تنائو کو ختم کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مسلسل کشیدگی کی وجہ سے سرحدوں پر رہنے والے ہزاروں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو رہے ہیں اور شدید گولہ باری کی وجہ سے آر پار قیمتی جانوں کا زیاں ہو رہا ہے۔

انہو ںنے تشویش کا اظہار کیاکہ دونوں جوہری ملکوںکے درمیان کشیدگی کسی بڑے خطرے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان تنائو کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر رہا ہے اور جب تک اس مسئلے کو یہاں کے عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا ، اس صورتحال سے چھٹکار انہیںپایاجا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیرپر دونوں ممالک ماضی میں بھی کئی خونریز جنگیں لڑ چکے ہیں اور حالیہ کشیدگی سے مسئلہ کشمیر کی اہمیت اور حساسیت پوری شدت کے ساتھ اٴْجاگر ہوئی ہے۔ انہو ںنے کہاکہ موجودہ کشیدگی نے ہماری اس تشویش کو صحیح ثابت کیا ہے کہ یہ مسئلہ دونوں ممالک کے درمیان ایک اور تباہ کن جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ جنگ کے خطرات سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ دونوں ممالک کی قیادت سیاسی جراتمندی ، دوراندیشی اور بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے جلد سے جلد حل کیلئے راہیں تلاش کریں ۔

ترجمان نے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ جنوبی ایشیا کو ممکنہ تباہ کن جنگ سے بچانے کیلئے آگے آئے اور مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کو حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔دریں اثنا ء ترجمان نے حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق کو ایک بار پھر گھر میں نظربند کرنے اور ان کی پر امن سیاسی سرگرمیوں پرپابندی عائد کئے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔