بھارت کی جانب سے پاکستان کو دہشت گرد ملک قرار دلوانے کیلئے کی جانے والی کوششیں قابل مذمت ہیں، شازیہ سہیل میر

ہفتہ 24 فروری 2018 21:30

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2018ء) پاکستان دنیا بھر میں امن کا خواہاں ہے ،ا قوام متحدہ سمیت دنیا میں امن کیلئے کام کرنے والے ہر ادارے کے ساتھ ہمارا تعاون مثالی رہا ہے۔ دنیا کے کسی بھی شورش زدہ علاقے میں جب بھی امن فوج گئی ہے ہمارے پاکستان کا ہراول دستہ شامل رہا ہے آج بھی بے شمار ممالک میں ہمارے فوجی خدمات سر انجام دے رہے ہیں جبکہ حکومت سمیت قوم کا ہر فرد امن کا داعی ہے۔

ان خیالات کا اظہار ممبر قومی اسمبلی شازیہ سہیل میر نے ضلعی مسلم لیگ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے کہاکہ بعض ممالک کی طرف سے وطن عزیز کو گرے لسٹ میں شامل کرنے کی کوشش زیادتی اور نا انصافی ہے دہشت گردی کے خلاف جاری تحریک کے دوران قیمتی جانوںکی قربانیوں کے ساتھ ساتھ اربوں روپے کے نقصان کے بعد بھی دہشت پسندی کے طعنے ناقابل برداشت ہیں پاکستان بارے پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے مذاکرات کئے جائیں اور مل بیٹھ کر حقیقی دہشت گردوں کی نشاندہی کی جائے اور مل کر ان کا قلع قمع کیا جائے۔

(جاری ہے)

شازیہ سہیل نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کو دہشت گرد ملک قرار دلوانے کیلئے کی جانے والی کوششیں قابل مذمت ہیں۔ حکومت کو ہر محاذ پر ایسی کوششوں کو ناکام بنانے اور وطن عزیز کا امن پسند تشخص اجاگر کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے چاہئیں ۔

متعلقہ عنوان :