عوام کی رائے پر اپنی رائے مسلط کرنا آمریت ہے ، مریم نواز

پوری (ن) لیگ کو بطور جماعت سینٹ سے باہر پھینک دیا گیا ، جو ہورہا ہے وہ آمریت کے دور میں بھی نہیں ہوا ، شیر کا نشان بھی چھین لیا گیا ، رہنما (ن) لیگ عقلمندوں کو سمجھائیں نواز شریف کو صدارت کی مہر کی ضرورت نہیں وہ عوام کے دلوں میں بستے ہیں ، اللہ کے کرم اور عوام کی محبت سے نواز شریف بنا ہے، سرگودھا میں سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب

ہفتہ 24 فروری 2018 20:56

عوام کی رائے پر اپنی رائے مسلط کرنا آمریت ہے ، مریم نواز
سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 فروری2018ء) پاکستان مسلم لیگ ( ن) کی رہنما اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ پوری ن لیگ کو بطور جماعت سینیٹ الیکشن سے باہر پھینک دیا گیا عوام کی رائے پر اپنی رائے مسلط کرنا آمریت ہے،عقلمندوں کو سمجھاں کے نواز شریف کو صدارت کی مہر کی ضرورت نہیں وہ عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور نواز شریف اللہ کے کرم اور عوام کی محبت سے نواز شریف بنا ہے۔

سرگودھا میں سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی بیٹی اور بہن نواز شریف کا مقدمہ نہیں بلکہ پاکستان کا مقدمہ لے کر آئی ہوں اور ہم ابھی تک آمریت کے اندھیروں کو مٹانے کی کوشش کررہے ہیں اور گزشتہ دنوں جو ہوا وہ آمریت کے دور میں بھی نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ پوری کی پوری جماعت کو سینیٹ انتخابات سے باہر کردیا ہو اور وہ جماعت جو پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اسے نہ صرف انتخابات سے باہر کیا بلکہ شیر کا نشان بھی چھین لیا گیا، یہ مذاق جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہوا ہے یہ اصل میں عوام کے ووٹ کی پرچی پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی رائے پر اپنی رائے مسلط کرنے کا آمریت ہے اور نواز شریف کے خلاف فیصلہ دینے والوں نے پہلے ان سے وزارت عظمی سے فارغ کیا اور بعد میں مسلم لیگ (ن) کی صدارت بھی چھین لی گئی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان عقلمندوں کو سمجھاں کے نواز شریف کو صدارت کی مہر کی ضرورت نہیں وہ عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور نواز شریف اللہ کے کرم اور عوام کی محبت سے نواز شریف بنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو مسلم لیگ (ن) کی صدارت سے ہٹانے اور لوگوں کے دلوں سے نکالنے کے لیے تمہیں نواز شریف کے کروڑوں ووٹوں کو بھی نااہل کرنا پڑے گا کیونکہ وہ لوگ اس ناانصافی کو مانتے نہیں ہیں۔انہوں نے جس طرح خیبر سے کراچی تک عوام نے نواز شریف کا مقدمہ لڑا ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ بے قصور ہیں اور ہمارے خلاف 2 سال سے بدعنوانی کا راگ الاپ رہے ہیں لیکن 5 روپے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ روز ایک نیا فیصلہ آتا ہے کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی کے اثاثے ہیں لیکن عوام سوال کر رہے ہیں کہ انہیں اثاثے نہیں بلکہ بدعنوانی دکھا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو واحد شخص ہیں جو 2 بار وزیر اعظم اور 3 مرتبہ وزیر اعلی بنا اور انہوں نے سی پیک، بجلی گھر، میٹرو بس اور دیگر بڑے منصوبے لگائے اور اگر ان منصوبوں میں کرپشن ہوتی تو کوئی نہ کوئی اسے سامنے ضرور لاتا۔انہوں نے کہا کہ کسی جج نے آج تک یہ نہیں کہا کہ نواز شریف نے 10 روپے کی بھی کرپشن کی اور انہیں صرف اس بات پر نکالا گیا کہ انہوں نے اپنے بیٹے سے تنخواہ کیوں نہیں لی۔۔