وزیراعظم جلد آرٹسٹوں کیلئے پالیسی کااعلان کرینگے،مریم اورنگزیب

نواز شریف کا آرٹ اور کلچر کے ساتھ گہرا لگائو ہے اسی لئے تمام صوبوں کی مشاورت سے نئی کلچر پالیسی کی تشکیل دی جارہی ہے،ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستانی فلمیں چینی سینما گھروں میں نمائش کیلئے دکھائی جائینگی، تقریب سے خطاب

ہفتہ 24 فروری 2018 20:01

وزیراعظم جلد آرٹسٹوں کیلئے پالیسی کااعلان کرینگے،مریم اورنگزیب
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 فروری2018ء) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستانی فلمیں چینی سینما گھروں میں نمائش کیلئے دکھائی جائینگی تاکہ باہمی تعلقات سمیت کلچر ، ورثے اور تاریخ جاننے کا موقع مل سکے ، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی جلد آرٹسٹوں کے لئے پالیسی کااعلان کرینگے کیونکہ نواز شریف کا آرٹ اور کلچر کے ساتھ گہرا لگائو ہے اسی لئے تمام صوبوں کی مشاورت سے نئی کلچر پالیسی کی تشکیل دی جارہی ہے۔

ہفتہ کے روز اسلام آباد میں نیشنل آرٹسٹ کنونشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں آرٹسٹوں کا اہم کردار ہوتا ہے پاکستان کی ثقافت اور قومی ورثے کے محافظ آرٹسٹ ہیں ملک میں فلم انڈسٹری کی بحالی خوش آئند ہے ملک میں امن کی وجہ سے فلمی صنعت میں بھی بحالی کا عمل شروع ہوا ماضی میں پاکستان کے آرٹسٹوں کو بنیادی انفراسٹرکچر مہیا نہیں کیا گیا لیکن ہمیں ماضی پر رونے کی بجائے مستقبل پر نظر رکھنا ہوگی اس کنونشن کا مقصد آرٹسٹوں سے ان کی قیمتی تجاویز لینا اور نئے آرٹسٹوں کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھانا ہے اس سلسلے میں تمام صوبوں کی مشاورت سے نئی کلچرل پالیسی تشکیل دی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فلمی صنعت کی بحالی کا عمل اگلے دو ماہ میں شروع ہو جائے گا جس کے تحت سینمیا انڈسٹری کی تعمیر و بحالی، فلم سازی کا عمل اور فنکاروں کی ترتیب اور ان کی ریٹائرمنٹ سے متعلق پلان شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 26 فروری کو فلم انڈسٹری اور آرٹس پالیسی کا اعلان کریں گے جس پر عملدرآمد اگلی حکومت نہیں بلکہ اسی حکومت میں شروع ہو جائے گا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فلمی صنعت کے فروغ کے لیے سینمیا کی تعمیر کے لیے انکم ٹیکس اور سیلز ٹکس کی چھوٹ ہو گی اور عمر رسیدہ یا ریٹائرڈ ہونے والے فنکاروں کے لیے خصوصی پیکج ہوگا۔انہوں نے قومی آرٹس کنونشن 2018 اور پاک چین اقتصادی راہدری (سی پیک) ثقافتی کارواں کی اختتامی تقریب میں واضح کیا کہ جمہوری اداروں اور ذرائع ابلاغ کا گہرا تعلقات ہیلیکن پاکستانی میڈیا کو شام 6 سے 10 بجے درمیان دیکھا جائے تو لگتا ہے اگلے دن حکومت نہیں رہے گی۔

مریم اورنگزیب نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ خبر کو سنسنی خیز بنانے کی دوڑ سے الگ ہو کر اجتماعی سوچ پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ذرائع ابلاغ نے مسائل کے اجاگر میں غیر معمولی فرائض انجام دیئے لیکن بعض امور پر سخت تحفظات ہیں۔اس موقعے پر انہوں نے کہا کہ معاشرے میں عدم برداشت اور منفی رویوں کا فروغ نہیں ہونا چاہیے اور اس کے سدباب کے لیے فلمی صنعت کو بھی فروغ دینا ہوگا۔ دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان کا تشخص بری طرح متاثر ہوا، ماضی پر رونے کے بجائے مستقبل پر توجہ دینی ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ چین میں فلمی صنعت سے ملکی تشخص کی جو تصویر پیش کی جارہی ہے وہ قابل تعریف ہے۔

متعلقہ عنوان :