امریکی صدارت محل وائٹ ہاوس پر مبینہ حملہ

ہفتہ 24 فروری 2018 19:58

امریکی صدارت محل وائٹ ہاوس پر مبینہ حملہ
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 فروری2018ء) امریکہ میں صدارتی محل وائٹ ہاؤس کے باہر ایک خاتون نے مسافر وین سکیورٹی بیریئر سے ٹکرا دی جسکے فوری بعد وائٹ ہاؤس کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا اور آسٹریلیوی وزیر اعظم اور امریکی صدر کی پریس کانفرنس کی کوریج کیلئے موجود ملکی و غیر ملکی صحافیوں کو ایک کمرے میں بند کر دیا گیا ،جبکہ گاڑی میں سوار خاتون ڈرائیور کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہائوس کے قریب ایک منی وین سیکورٹی رکاوٹ سے ٹکرا گئی جس کے باعث وائٹ ہاوس کو بند کر دیا گیا کیوں کہ وائٹ ہا ئوس میں امریکی صدر اور آسٹریلوی وزیراعظم موجود تھے۔امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی نے وائٹ ہا ئوس کا سیکورٹی حصار نہیں توڑا جبکہ گاڑی میں ایک ہی مسافر سوار تھا تاہم گاڑی ٹکرانے کے واقعہ میں کوئی اہل کار زخمی نہیں ہوا۔عینی شاہدین نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ کی گئی تاہم پولیس نے فائرنگ کی اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔پولیس اور سیکرٹ سروس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور واقعہ کی تفتیش جاری ہے جبکہ منی وین کے پچھلے حصے پر امریکی جھنڈا لگا ہوا تھا۔