Live Updates

پی ٹی آئی کی انتخابی تیاری مکمل ہے،عمران خان 5حلقوں سے الیکشن میں حصہ لینگے‘عبدالعلیم خان

نواز کے بعد شہباز پر ہاتھ پڑاتو سارے تتر بتر ہو جائیں گے ،ن لیگ زیر زمین جانے والی ہے‘میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 24 فروری 2018 19:50

پی ٹی آئی کی انتخابی تیاری مکمل ہے،عمران خان 5حلقوں سے الیکشن میں حصہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف کا ہوم ورک ہو چکا ہے ہماری انتخابی تیاریاں مکمل ہیں ،انشاء اللہ پارٹی چیئرمین عمران خان قومی اسمبلی کی5حلقوں سے امیدوار ہوں گے جن میں3پنجاب اور باقی2کے پی کے اور صوبہ سندھ سے شامل ہیں ،اکثر پارٹی امیدواروںکا بھی فیصلہ ہو چکا ہے لیکن حتمی اعلان ایک ماہ کے اندر ہونے کی توقع ہے تاکہ پارٹی امیدوار وں کو گرین سگنل مل سکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اپنے دفتر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ شریف خاندان قابو آ چکا ہے نواز کے بعد شہبا ز پر ہاتھ پڑا تو سارے تتر بتر ہو جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیگ میں سے پہلا دانا چکھ لیا گیا ہے اور اب ساری دیگ کی شامت آنے والی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد ن لیگ زیر زمین ہونے والی اور اب یہ سارا ننگوں کا حمام ہوگا ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عمران خان کی قیادت میں طویل سیاسی جدوجہدکی ہے اور صحیح معنوں میں حزب اختلاف کا کردار ادا کر کے دکھایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کی اکثریت نے ہمارا ساتھ دیا او ر اب بھی ہم غیر جانبداری کی توقع رکھتے ہیں البتہ ایک آدھ چینل نواز لیگ کا راگ الاپ رہا ہے لیکن ہمارے پاس ریاستی سطح کے وسائل نہیں ہیں کہ انہیں نواز سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ممبر شپ مہم کو تیز کردیا گیا ہے اور اسے ہر حلقہ ہائے انتخاب کی بنیاد پر آئندہ 3ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا ۔عبدالعلیم خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ صوبہ کے پی کے میں مدرسوں کیلئے ہونے والی اصلاحات کسی تفریق کے بغیر ہیں اور ان کا مقصد مذہبی درسگاہوں میں زیر تعلیم نوجوان نسل کو قومی دھارے میں لانا اور انہیں جدید علوم سے آراستہ کرنا ہے جو ان کا دیگر شہریوں کی طرح بنیادی حق ہے ۔

عبدالعلیم خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس مرتبہ پنجاب بھر میں پی ٹی آئی بڑا اپ سیٹ کرے گی اور خاص طور پر وسطی پنجاب کے اضلاع فیصلہ کن نتائج دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ دن بدن تحریک انصاف مضبوطی کی طرف جار ہی ہے دیگر جماعتوں سے سیاسی رہنماؤں کی تحریک انصاف میں شمولیت سیاسی عمل ہے جس کے پارٹی کی مضبوطی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ سینٹ کے الیکشن میں بھی تحریک انصاف اپنا حصہ ضرور نکالے گی ہماری دیگر سیاسی جماعتوں سے گفتگو جاری ہے اور انشاء اللہ اچھی خبریں سامنے آئیں گی ۔

انہوں نے مستقبل میں میڈیا سے نزدیکی رابطہ رکھنے اور انہیں سیاسی سرگرمیوں سے باخبر رکھنے کا یقین دلایا او ر کہا کہ خود بھی میڈیا کے دوستوں کیلئے زیادہ سے زیادہ دستیاب ہوں گے ،ایم پی اے شعیب صدیقی اور سیکرٹری پولیٹیکل ٹریننگ ونگ جمشید بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات