صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ کی جانب سے 57 لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری سے فورملی سکول میں تعمیراتی کام شروع کر دیا گیا، یاسر زمان خان

ہفتہ 24 فروری 2018 19:49

حضرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2018ء) چیئرمین یونین کونسل فورملی یاسر زمان خان کی کوشش سے فورملی میں ہائی سکول کے 2 کمروںاور برآمدے کی تعمیر کیلئے کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کام کے لیے صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ نے 57لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری کروائی۔ چیئرمین یاسر زمان خان نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ یونین کونسل فورملی کیلئے وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے سوئی گیس کی فراہمی یقینی بنائی اور کارپٹ سڑک کے علاوہ دیگر ترقیاتی کام کروائے جبکہ صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ نے نکاسی آب سکولوں ،نالیوں ،گلیوں کے لئے بھاری گرانٹ دے کر یہاں کے عوامی مسائل حل کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ کو سکول میں کمروں کی کمی اور برآمدہ نہ ہونے کے بارے میں آگاہ کیا جس پر انہوں نے 57لاکھ روپے کی گرانٹ دے دی جسکی وجہ سے سکول میں دو کمرے اور برآمدہ تعمیر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یاسر زمان خان نے کہا کہ یونین کونسل کے عوام جس طرح مجھ پر اعتماد کرتے ہیں اس پر میں انکا مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد اور صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ نے جس طرح یونین کونسل فورملی کے عوام کے دیرینہ مسائل حل کیے انکا بدلہ آنے والے انتخابات میں یونین کونسل کے عوام انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بناکر دیں گے۔

فورملی کے عوامی حلقوں نے سکول کا دیرینہ مسلئہ حل کروانے پر صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ اور یاسر زمان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔