پاکستان کی خارجہ پالیسی اور دفاع اہم ترین معاملات ہیں، ان سے شہریوں کی زندگیاں جڑی ہوئی ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملکی معاملات میں سوچ سمجھ کر قدم رکھیں،وزیر دفاع خرم دستگیر خان

ہفتہ 24 فروری 2018 19:24

پاکستان کی خارجہ پالیسی اور دفاع اہم ترین معاملات ہیں، ان سے شہریوں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2018ء) وزیر دفاع انجینئرخرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اور دفاع اہم ترین معاملات ہیں جن سے شہریوں کی زندگیاں جڑی ہوئی ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملکی معاملات میں سوچ سمجھ کر قدم رکھیں۔ ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’بے لاگ‘‘ میں خصوصی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی پر بہت حد تک قابو پا لیا ہے ، پاکستان میں دہشت گردوں کی کسی قسم کی کوئی خفیہ پناہ گاہیں موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دیں جبکہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں ہمارے عام شہریوں نے بھی بے شمار قربانیاں دی ہیں جنہیں کسی صورت بھی بھلایا نہیں جا سکتا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب میں جو پاکستانی فوجی جا رہے ہیں وہ صرف ٹریننگ دینے کے لیے ہیں، یہ بات میں نے سینیٹ میں بھی بتائی ہے کہ جو فوجی سعودی عرب جا رہے ہیں وہ پارلیمان کے اپریل 2015ء کے قرارداد کے فریم ورک سے باہر نہیں بلکہ اس فریم ورک کے اندر ہیں ۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزارت دفاع کو بہت زیادہ اصلاحات کی ضرورت ہے اور ہمیں حقائق سے منہ موڑنے کی بجائے حقائق سے سچ کی تلاش کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کوشش کی کہ پاکستان کی سوچ کو واضح کیا جائے ،پاکستان کی ا س سوچ کو نہ صرف امریکہ بلکہ پاکستان کی عوام پر بھی واضح کرنا ہوگا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ایک بڑا واضح سبق سیکھا ہے کہ جب بھی اللہ کے فضل اور عوام کے ووٹ سے اقتدار میں آئیں تو پھر کسی بھی فیصلہ سازی کے لیے پراسس سے گزرنا ہو گا تاکہ منطقی بنیادوں پر فیصلے کیے جا سکیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک کو دہشت گردی و بدامنی سمیت شدید توانائی بحران کا بھی سامنا تھا لیکن ہماری قیادت کی موثروکارآمد پالیسیوں اور مسلح افواج کی جانب سے دی جانے والی لازوال قربانیوں کی بدولت آج نہ صرف دہشت گردی و بدامنی کا خاتمہ ہوا ہے بلکہ توانائی بحران کا بھی خاتمہ کیا جا چکا ہے جس کی وجہ سے ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ ملکی معیشت روز بروز مستحکم ہو رہی ہے جس کا اعتراف عالمی اعدادو شمار میں بھی کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :