کپاس کی اگیتی کاشت پر دفعہ 144نافذکردی گئی

ہفتہ 24 فروری 2018 19:10

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2018ء) محکمہ زراعت پنجاب ملتان کے ترجمان نے کہا ہے کہ زرعی ماہرین اور سائنسدانوں کی مشاورت اور سفارشات کی روشنی میںکپاس کی اگیتی کاشت پر پابندی پر عمل درآمد کیلئے دفعہ 144نافذکی گئی ہیجس کااطلاق کپاس کی کاشت کے تمام اضلاع میں ہوگا۔یکم اپریل سے قبل کپاس کی کاشت پر پابندی لگانے کامقصد آئندہ فصل کو گلابی سنڈی کے ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھناہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ کاشتکار آئندہ کپاس کی فصل سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے کپاس کا ترقی دادہ اور منظور شدہ اقسام کابیج کاشت کیلئے استعمال کریں اور غیرقانونی ٹرپل جین بیج کی خریداری سے اجتناب کریں۔کاشتکار کسی بھی ایسے بیج کی خریداری نہ کریں جس پر فیڈرل سیڈ سرٹیفکشن اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نیلے رنگ کا لیبل یا ٹیگ نہ لگاہو۔

(جاری ہے)

پنجاب سیڈ کونسل کی جانب سے بیج کی "ٹرپل جین ورائٹی" منظور نہیں کی گئی۔کاشتکار سوشل میڈیا پر غیر قانونی ڈبل اور ٹرپل جینز بیج بارے افواہوں/ پوسٹس پر توجہ نہ دیں اور نہ ہی اس کو شیئر کریں تاکہ کسی قسم کا ابہام پیدا نہ ہو۔ کاشتکار غیر قانونی بیج کی فروخت ہونے کی صورت میںاپنے قریبی فیڈرل سیڈ سرٹیفکشن اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں تعینات سیڈ انسپکٹر سے رابطہ کریں اور تمام ریکارڈ کے ساتھ جلد از جلد اپنی شکایت درج کروائیں تاکہ مناسب تحقیق کے بعد قانونی کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔