اورنج لائن پروجیکٹ ٹیم کی جی ایم ٹیکنیکل سے ملاقات ،132kvانڈرگرائونڈکیبل سے متعلق بریفنگ دی

ہفتہ 24 فروری 2018 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2018ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) ہیڈ کوارٹر میں اورنج لائن پروجیکٹ کے وفد نے جی ایم ٹیکنیکل لیسکو خالد سعید اختر سے ملاقات کی اور 132kvانڈر گراونڈ کیبل کے کام سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ لیسکو کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق جی ایم ٹیکنیکل خالد سعید اختر نے اورنج لائن کے پروجیکٹ ڈائریکٹر مظہر حسین خان کو بتایا کہ ایشین ڈویلپمنٹ کے تعاون کے ساتھ جاری 132kvانڈر گراونڈ کیبل بچھانے کا منصوبہ اپنے تکمیلی مراحل میں ہے ۔

اس منصوبے کے تحت سنی ویو گرڈ اسٹیشن کومیکلورڈ روڈ گرڈ اسٹیشن سے جبکہ میکلورڈ روڈ گرڈ کو قرطبہ گرڈ اسٹیشن سے ملایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں سنی ویو سے میکلورڈ روڈ تک کیبل بچھانے کا کام مکمل ہوگیا اور اس کی جوائنٹنگ بھی کردی گئی ہے جبکہ میکلورڈ روڈ سے قرطبہ تک کیبل بچھانے کا کام 60%مکمل کرلیا گیا ہے اور امید ہے کہ کیبل کی جوائنٹنگ بھی جلد از جلد مکمل کر لی جائے گی۔

(جاری ہے)

جی ایم ٹیکنیکل خالد سعید اخترکا کہنا تھا کہ لیسکو فیلڈ سٹاف سسٹم کی مظبوطی کے ساتھ ساتھ صارفین کی پاور ڈیمانڈ کو پورا کرنے اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے اور132kvانڈر گراونڈ منصوبے کے تحت سنی ویو گرڈ اور میکلورڈ روڈ گرڈ کو متبادل ذرائع سے بجلی کی سپلائی دی جاسکے گی۔ اس سے قبل میکلورڈ روڈ گرڈ کو صرف موچی گیٹ گرڈ سے فیڈ کیا جارہا ہے۔اس منصوبے کے تکمیل سے نہ صرف شہر کو دو ذرائع سے بجلی دی جاسکے گی بلکہ لیسکو کے 8سے زائد گرڈ اسٹیشنز کو ریلیف حاصل ہوگا ۔