پاکستان رینجرز سندھ کی ڈیفنس میں کارروائی، 3ملزمان کو گرفتار کرکے دو غیر ملکی باشندوں کو بازیاب کرالیا

ہفتہ 24 فروری 2018 19:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2018ء) پاکستان رینجرز سندھ نے کراچی ڈیفنس کے علاقے خیابان محافظ میں غیر ملکی مغویوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر گراؤنڈ سرویلنس کے بعد چھاپہ مار کارروائی کے دوران 3ملزمان وسیم بلوچ ، نعیم ربانی اور فہد شبیر کو گرفتار کیا جبکہ مذکورہ بنگلے کی تلاشی کے دوران دو غیر ملکی باشندوں موسس جوزف جس کا تعلق تنزایہ اور فرانک انیگبوک جس تعلق نائیجیریا سے ہے کو بھی ملزم وسیم بلوچ کے قبضے سے بازیاب کروا لیا گیا ۔

گرفتار ملزم وسیم بلوچ سے ایک عدد ایس ایم جی ، ایک عدد ایس ایم جی میگزین ، 19 عدد ایس ایم جی راؤنڈز ، ایک عدد بلٹ پروف جیکٹ ، ایک عدد ایس ایم جی پاؤچ ، ایمونیشن اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا ۔ ملزم وسیم بلوچ کا تعلق بلوچستان کے علاقے پنجگور سے ہے ۔

(جاری ہے)

ملزم اندرون اور بیرون ملک منشیات فروشی کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث ہے ۔ ملزم وسیم بلوچ 2014 سے ڈیفنس کے مذکورہ بالا بنگلے میں رہائش پذیر تھا ، جو صابر بلوچ کی ملکیت ہے ۔

دوران تفتیش ملزم وسیم بلوچ نے یہ انکشاف کیا کہ صابر بلوچ نے جولائی 2017 میں 12 کلو کرسٹل منشیات کی بیرون ملک تنزانیہ کے رہائشی یاسین کو بیچی ، جس نے سپلائی کی ڈیل کی رقم کی ادائیگی کے عوض اپنے رشتہ دار موسس جوزف کو بطور ضامن کراچی بھجوایا ۔ رقم کی بروقت ادائیگی نہ ہونے کے باعث ملزم وسیم بلوچ نے صابر بلوچ کے حکم پر اسی بنگلے میں یرغمال بنا کر رکھا ۔

دونوں غیر ملکیوں کے سفری دستاویزات اور پاسپورٹ ملزم وسیم بلوچ نے ان سے لے کر صابر بلوچ کے حوالے کر دیئے تھے ۔ منشیات کے علاوہ ملزم وسیم بلوچ ایرانی ڈیزل کی غیر قانونی اسمگلنگ اور بغیر لائسنس کے اسلحے کی خریدو فرخت میں بھی ملوث ہے ۔ ملزم نعیم ربانی منشیات کے کاروبار میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ وسیم بلوچ کا معاون ہے ۔ فہد شبیر منشیات کے کاروبار میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ وسیم بلوچ کا معاون ہے ۔ تینوں ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ جبکہ دونوں غیر ملکی باشندوں کو بھی سفری دستاویزات کی عدم موجودگی اور فارن ایکٹ کے تحت پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :