سینیٹ انتخابات میں مندی کا رجحان ہے ،ہارس ٹریڈنگ کے الزامات میں صداقت نہیں ،میر سرفراز بگٹی

میراووٹ امانت ہے جس سے زبان کی ہے اسی کو دونگا،جیلوں میں ہسپتال فعال ہیں مریضوں کو ادویات فراہم کی جارہی ہیں اگر ہیپاٹائٹس یا ایڈز کے مریضوں کی نشاندہی ہوگی تواس پر ضرورایکشن لونگا، وزیر داخلہ بلوچستان

ہفتہ 24 فروری 2018 19:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2018ء) صوبائی وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہاہے کہ سینیٹ انتخابات میں مندی کا رجحان ہے سینیٹ کے حوالے سے ہارس ٹریڈنگ کے الزامات میں صداقت نہیں میراووٹ امانت ہے جس سے زبان کی ہے اسی کو دونگا صوبے کی جیلوں میں ہیپاٹائٹس اور ایڈز کے مریضوں کے اضافے سے متعلق کوئی رپورٹ نہیں آئی تاہم اس پر غورکرونگا ۔

یہ بات انہوں نے ہفتے کو اسمبلی کے اجلاس کے بعد’’این این آئی ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہاکہ جب ان ہائوس تبدیلی ہوئی تب بھی ہم پر الزامات لگے کہ اسمبلی ٹوٹ جائے گی پیسے لگائے گئے ہیں اور اب سینیٹ کے حوالے سے بھی اسی طرح کی افواہیں گرد ش میں ہیں لیکن سینیٹ کے حوالے سے مارکیٹ میں مندی کا رجحان ہے میرا ووٹ انوارالحق کاکڑ کی امانت ہے اسی کو دونگا انوارالحق کاکڑ کے پاس اتنے پیسے نہیں کہ وہ سینیٹ انتخابات میں پیسوں کا استعمال کرینگے لہذا ہارس ٹریڈنگ کے الزامات بے بنیاد ہیں ہمارا آزا د گروپ ہے جس کے حمایت یافتہ ارکان آزاد امیدوار کے طورپر الیکشن لڑرہے ہیں ہم سے نہ پہلے ہماری پارٹیوں کی مرکزی قیادت نے رابطہ کیا اور نہ ہی اب ہم سے رابطہ کیاگیا ہے لہٰذا ہم اپنے فیصلے کرنے میں خود مختار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جیلوں میں ہسپتال فعال ہیں مریضوں کو ادویات فراہم کی جارہی ہیں اگر ہیپاٹائٹس یا ایڈز کے مریضوں کی نشاندہی ہوگی تواس پر ضرورایکشن لونگا لیکن اب تک کوئی ایسی رپورٹ نہیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ بھی دیکھنا پڑے گا کہ جن قیدیوں میں ہیپاٹائٹس کا انکشاف کسی رپورٹ میں ہواہے آیا وہ پہلے سے مرض کا شکار تھے یا جیل میں آکر ہوئے ۔

متعلقہ عنوان :