چمروک قومی شاہراہ سے اندرونی شہرتک جانیوالی ندی پرپروٹیکشن بند کی تعمیر کا کام شروع کردیا گیا ہے ، آغا شکیل احمد درانی

خضدار کی تعمیر و ترقی اوّلین ترجیح ہے ، جب بھی عوام نے توجہ مبذول کرائی سردست مسائل حل کرنے کیلئے دستیاب وسائل کے اندر رہ کر مسئلہ حل کیا،ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار

ہفتہ 24 فروری 2018 18:50

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2018ء) ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاہے کہ ساڑھے 3کروڑ روپے کی لاگت سے چمروک قومی شاہراہ سے اندرونی شہرتک جانے والی ندی پرپروٹیکشن بند پر تعمیراتی کا م کا آغاز کردیا گیا ہے، اس ندی کے باعث پانی کے بہائو سے مقامی آبادی کوبے حد خطرات لاحق تھے ، تاہم عوام کے اس اہم مسئلے کو دیکھتے ہوئے منصوبے پر کام کا آغا زکردیا گیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سردار عزیز محمد عمرانی سردار بلند خان غلامانی وڈیرہ محمد صالح جاموٹ عید محمد ایڈوکیٹ بشیراحمد جتک محمد اسماعیل مینگل میر عبدالوہاب عمرانی نصراللہ شاہوانی و دیگر بھی موجود تھے ۔ ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ خضدار شہر کی تعمیر و ترقی ہماری اوّلین ترجیح ہے ، جب بھی عوام نے ہماری توجہ مبذول کرائی ہم نے سردست ان کے مسائل حل کرنے کے لئے دستیاب وسائل کے اندررہتے ہوئے آگے بڑھے اور وہ مسئلہ حل کردیا ۔

(جاری ہے)

عوام کے دیرینہ اور بنیادوں مسائل کا حل ہماری ترجیحات میں رہی ہیں ۔ ٹائون شپ کے ایریا سے بہہ نے والی ندی سے شہر کے عوام کو بے حد خطرات لاحق تھے ، قدرتی پانی کے بہائو و ندی کی وجہ سے شاہوانی آباد ، چمروک ، صالح آباد و دیگر قریبی علاقوں میں رہائش پذیر عوام اس ندی کی وجہ سے خطرہ محسوس کررہے تھے ان کی خواہش پر ہم نے رقم منظور کرکے حفاظتی بند کو تعمیر کرنے کا آغاز کردیا ۔ حفاظتی بند کی تعمیر سے قرب و جوار کی آبادی محفوظ ہوسکے گی ۔ڈسٹرکٹ چیئرمین آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ شہر میں دیگر مختلف منصوبوں پر بھی رقم خرچ کررہے ہیں۔