کراچی، سائٹ اے پولیس کی کارروائی ،مومن آباد سے مغوی بچہ بازیاب

ایک اور کارروائی میں 7 سالہ لائبہ کیساتھ جنسی زیادتی کے ملزم سعید عرف ببلو کو گرفتار کر لیاگیا،ایس ایس پی انویسٹی گیشن

ہفتہ 24 فروری 2018 18:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2018ء) انویسٹی گیشن پولیس سائٹ اے نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران مومن آباد سے اغواء ہونے والے چار سالہ مغوی بچے سلمان کو بحفاظت بازیاب کروالیا جبکہ ایک دوسری کارروائی میں 7 سالہ لائبہ کے ساتھ جنسی زیادتی کے ملزم سعید عرف ببلو کو گرفتار کر لیا ۔یہ بات ایس ایس پی انویسٹی گیشن ذیشان شفیق صدیقی نے ہفتے کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی ۔

انہوں نے بتایا کہ مومن آباد تھانے کی حدود میانوالی کالونی سیکٹر 4 ایف اورنگی ٹاؤن کے رہائشی محمد یونس ولد فدا حسین نے اطلاع دی کہ اس کا چار سالہ بچہ محمد سلمان صبح سے لاپتہ ہے جبکہ مجھے منظور احمد ولد خان بلوچ نامی شخص کا فون آیا ۔ اس نے کہا کہ تمہارا بچہ ہمارے قبضے میں ہے اگر تم نے کسی کو اطلاع دی میں اسے قتل کر دوں گا ۔

(جاری ہے)

اطلاع پر فوری مقدمہ درج کرکے ایک ٹیم تشکیل دی گئی ، جس نے سی پی ایل سی ویسٹ کے ساتھ مل کر ٹیکنیکل طریقے سے ملزم کا سراغ لگایا ۔

انکشاف ہوا کہ ملزم کے مغوی بچے کے والدین سے گھریلو مراسم ہیں ، جس کے بعد ملزم کے دو بھائی دیدار حسین اور میر ہزار خان کو پکڑ لیا گیا ، جن سے پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا اور ملزم کی لوکیشن حاصل کرکے ساکران حب ڈیرہ مراد جمالی میں چھاپے مارے گئے ، جہاں سے ملزم کے ایک ساتھی غلام حیدر کو بھی گرفتار کر لیا ۔ ملزم نے اپنے خلاف گہرا تنگ دیکھ کر بچے کو کراچی چھوڑ کر خود جیکب آباد کے علاقے میں فرار ہو گیا ۔

بچے کو کراچی سے بازیاب کرا لیا گیا جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے ۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ذیشان صدیقی نے ایک دوسری کارروائی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ پیر آباد تھانے کی حدود میں 22 فروری 2018 ء کو علی وقار ولد نور محمد نے اطلاع دی کہ اس کی 7 سالہ بیٹی لائبہ کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی ہے ۔ تاہم انویسٹی گیشن پولیس نے کیس کی نوعیت اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے بچی کا میڈیکل ٹیسٹ کروایا جبکہ بچی کے بیانات کی روشنی میں ایک ملزم سعید عرف ببلو ولد رئیس احمد کو گرفتار کر لیا ۔

ملزم رئیس احمد نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بچی کا کزن ہے اور بچی کو اکیلا پا کر گھرمیں گھس گیا اور اسے زیادتی کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے والدین سے اپیل ہے کہ چھوٹے بچوں کو تنہا نہ چھوڑیں اور اپنے بچوں کے ماحول پر خاص توجہ دیں ۔ جبکہ تعلیمی نصاب میں بھی ایسی تبدیلیاں لائی جائیں ، جس سے بچوں میں اجنبی اور اپنے کے درمیان آگاہی پیدا ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :