کراچی، رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی ،اظفر امتیاز کے قاتل کو گرفتار کرلیا

ملزم سید علی نے اپنے ساتھی سب انسپکٹر آصف عثمان کی مدد سے اظفر امتیاز کو قتل کر کے لاش دفتر کے کچن میں دفنا دی تھی

ہفتہ 24 فروری 2018 18:23

کراچی، رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی ،اظفر امتیاز کے قاتل کو ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2018ء) رینجرز سندھ اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 5 اپریل 2017 کو قتل ہونیوالے اظفر امتیاز کے قاتل کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم سید علی نے اپنے ساتھی سب انسپکٹر آصف عثمان کی مدد سے اظفر امتیاز کو قتل کر کے لاش دفتر کے کچن میں دفنا دی تھی، ملزم سید علی اور مقتول اظفر امتیاز کی لاش کو مزید قانونی کارروائی اور شواہد کے حصول کیلئے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق رینجرز سندھ اور پولیس نے پانچ اپریل 2017 کو قتل ہونیوالے اظفر امتیاز کے اہلخانہ کی درخواست پر تحقیقات کرتے ہوئے اظفر امتیاز کے قتل میں ملوث ملزم سید علی کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم مقتول اظفر امتیاز کا دوست ہے۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزم سید علی نے اپنے ساتھی سب انسپکٹر آصف عثمان کی مدد سے اظفر امتیاز کو قتل کیا تھا۔

دونوں ملزمان نے پانچ اپریل 2017 کو واردات کی منصوبہ بندی کر کے مقتول اظفر امتیاز کو بلایا اور اسے قتل کرنے کے بعد گلشن اقبال میں واقع اپنے زیر تعمیر دفتر کے کچن میں گڑھا کر کے دفنا دیا۔ اظفر امتیاز کی موت کو یقینی بنانے کی غرض سے ملزم سید علی نے مقتول کے منہ میں بے ہوشی کی دوا بھی ڈالی، ملزم سید علی کو شک کی بنیاد پر پولیس نے 6 اپریل 2017 کو گرفتار کیا تھا لیکن 28 مئی 2017 کو ناکافی ثبوت کی بنا پر ملزم سید علی کو رہا کردیا گیا تھا۔

اہلخانہ کی جانب سے درخواست دینے پر تحقیقات کا دوبارہ آغاز کیا گیا، دوران تحقیقات حاصل ہونیوالی معلومات اور ٹیکنیکل مانیٹرنگ کی مدد سے 23 فروری 2018 کو پولیس و رینجرز کی مشترکہ ٹیم نے سید علی کو گرفتار کیا، ملزم کی نشاندہی پر دفتر کی عمارت سے مقتول اظفر امتیاز کی لاش بمعہ کلائی گھڑی کے برآمد کرلی، ملزم سید علی اور مقتول اظفر امتیاز کی لاش کو مزید قانونی کارروائی اور شواہد کے حصول کیلئے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔