عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا ہنگامی اجلاس

احد چیمہ جب ڈی جی تھے ایل ڈی اے کے قیمتی ریکارڈ سمیت 22افراد زندہ جلے‘عوامی تحریک چیف جسٹس پنجاب میں لاقانونیت،عوام کے نوکروں کی بغاوت کا نوٹس لیں‘خرم نواز گنڈا پور

ہفتہ 24 فروری 2018 17:10

عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا ہنگامی اجلاس
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2018ء) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا ہنگامی اجلاس سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کی زیر صدارت منعقد ہوا ،اجلاس میں شہباز حکومت کے ایما پر چاپلوس بیورو کریٹس کے احتجاجی ناٹک کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔قرارداد میں کہا گیا کہ یہ اقدام ریاست کے خلاف اعلان جنگ اور آئینی ادارے نیب کو دبائو میں لانے کا اوچھا ہتھکنڈہ ہے۔

قرارداد سنیئر رہنماء جی ایم ملک نے پیش کی۔قرارداد میں چیف جسٹس سے استدعا کی گئی کہ وہ پنجاب میں حد سے بڑھ جانیوالی لاقانونیت کا نوٹس لیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ میرٹ کے قتل عام کے ذمہ دار چاپلوس بیورو کریٹ ہیں ،ایماندار افسروں کو اللہ نے نادر موقع دیا ہے کہ وہ ان سانپوں کی سریاں کچل کر میرٹ کی حکمرانی بحال کریں اور شہباز شریف کے کہنے پر غلط کام کر کے اہم پوسٹیں انجوائے کرنیوالے بیوروکریٹس کو انکے انجام سے دوچار ہونے دیں۔

(جاری ہے)

کرپٹ بیوروکریٹس کے خلاف کرپشن کے ثبوت دے کر نیب کے ہاتھ مضبوط کئے جائیں۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ نواز شریف کو جب نا اہل قرار دے کر وزارت عظمیٰ سے ہٹایا گیا تب تو شہباز شریف نے آدھی رات کو کابینہ کا ہنگامی اجلاس نہیں بلایا تھا ،احد چیمہ کی گرفتار پر احتساب کا شکنجہ اپنی طرف بڑھتے دیکھ کرانہوں نے سول سیکرٹریٹ کو تالے تک لگوا دئیے،یقینا نواز شریف اور مریم نواز یہ سب اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احد چیمہ جب ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے تھے تو ایل ڈی اے پلازہ کو آگ لگی،قیمتی ریکارڈ کے ساتھ ساتھ 22افراد بھی زندہ جل گئے تھے ،ایسے شخص سے سوال و جواب کیوں نہیں ہو سکتا خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ نواز شریف نے 90 میں ڈی جی فیصل آباد اتھارٹی کو غیر قانونی حکم کے تحت کھلی کچہری میں ہتھکڑیاں لگوا دی تھیں تب کسی کا ضمیر نہیں جاگا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بیورو کریٹس اس بار شکنجے میں آئے ہوئے شہباز شریف کی معصوم شکل دیکھ کر دھوکہ مت کھائیں ویسے بھی جو اشرافیہ آج کل اپنا تحفظ نہیں کر پا رہی وہ دوسروں کا تحفظ کیا کرے گی۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ بیورو کریٹس عام آدمی کی نسبت ’’فرعون برادران ‘‘ زیادہ اچھی طرح جانتی اور پہچانتی ہے،یہ وہی شہباز شریف ہے جس نے ایماندار سنیئر افسران کو کھڈے لائن لگا کر چاپلوسوں کو کو ترقیاںاور پسندیدہ پوسٹنگز دیں۔

متعلقہ عنوان :