مظفرآباد،مستحقین زکوٰة کو قسط نہ مل سکی ،ْمعذور ،بے سہارا ،بیوگان ،یتیم زکوٰة دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور

ہفتہ 24 فروری 2018 16:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2018ء)مستحقین زکوٰة کو قسط نہ مل سکی ۔معذور ،بے سہارا ،بیوگان ،یتیم زکوٰة دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ۔حکومت مستحقین کو ترسا ترسا کر ایک سال میں ایک قسط کی ادائیگی کرنے گی ۔صوابدیدی فنڈز بھی حکومت نے روک رکھے ہیں جس کی وجہ سے مستحقین اور محکمہ زکوٰة کے اہلکاران کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق حکومت آزادکشمیر نے مستحقین زکوٰة کی ادائیگی کئی ماہ سے نہیں کی ۔سال میں ایک قسط جاری کی جاتی ہے حالانکہ ایک سال میں تین اقساط جاری ہونی چاہئیے مگر حکومت لیت و لعل سے کام لے رہی ہے جس کی وجہ سے پورے سال میں مستحقین تک صرف ایک قسط پہنچ پاتی ہے ۔جو مستحقین سے ناانصافی کے مترادف ہے ۔

(جاری ہے)

اعلیٰ آفیسران اور حکومت کے ذمہ داران خود تو عوام کے پیسے پر عیاشیاں کر رہے ہیں مگر مستحقین کی مالی مدد کیلئے کوئی سنجیدگی سے کام نہیں لے رہا ۔

مستحقین کی بڑی تعداد نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ حکومت جان بوجھ کر معذور ،یتیم ،بیوگان کو نظر انداز کر رہی ہے ۔صوابدیدی فنڈز بھی نہ ملنے کی وجہ سے مستحقین دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں ۔ضلع زکوٰة کمیٹی کے چیئرمین بھی اس صورتحال پر بے بس ہو کر رہ چکے ہیں اور مستحقین کو مایوس واپس لوٹا دیتے ہیں ۔