مقبوضہ کشمیر،کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کا اجلاس نہ ہوسکا

کٹھ پتلی انتظامیہ نے سید علی گیلانی کے گھر جانیوالے راستے سیل کردیئے،گھر کے باہر مزید پولیس اہلکار تعینات

ہفتہ 24 فروری 2018 16:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کو سرینگر میں اپنی مجلس شوریٰ کا اجلاس نہیں کرنے دیا۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے تحریک آزادی اور مقبوضہ علاقے کی سیاسی صورتحال پر غور و خوض کیلئے مجلس شوریٰ کا اجلاس ہفتے کے روز سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں اپنی رہائش گارہ پر طلب کیا تھا تاہم قابض انتظامیہ نے اجلاس نہیں ہونے دیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہا گیا کہ انتظامیہ نے ہفتے کے روز صبح سویرے سید علی گیلانی کے گھر کی طرف جانے والے تمام راستے سیل کر دیے جبکہ ان کے گھر کے باہر پولیس کے مزید اہلکارتعینات کر دیے جنہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سمیت کسی کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی۔ یاد رہے قابض انتظامیہ نے سید علی گیلانی کی گزشتہ آٹھ بر س سے گھر میں نظر بند کر رکھا ہے۔