صدر مملکت ممنون حسین کا خاتون پاکستان گرلز اسکول کا دورہ

حکومت کی درست حکمت عملی اور بروقت اقدامات کے نتیجے میں کراچی میں امن بحال ہوچکاہے، صدرمملکت اب کراچی اور پاکستان کی ترقی کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا، ملک کی سمت درست ہے، حکومت کی کارکردگی سے بہتری پیدا ہوئی،ممنون حسین

ہفتہ 24 فروری 2018 16:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بعض گمراہ عناصر نے بدامنی پیدا کرکے کراچی کو بہت نقصان پہنچایا، لیکن حکومت کی درست حکمت عملی اور بروقت اقدامات کے نتیجے میں کراچی میں امن بحال ہوچکاہے، اب اس شہراور پاکستان کی ترقی کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ ملک کی سمت درست ہے، حکومت کی کارکردگی سے بہتری پیدا ہوئی۔

صدر مملکت نے یہ بات ہفتہ کومادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کے قائم کیے ہوئے خاتون پاکستان گرلز اسکول کے دورے کے موقع پرکہی۔جہاں انھیں اسکول میں جاری تعلیمی نب عمل اور اس میں بہتری لانے کے سلسلے میں زندگی ٹرسٹ کی خدمات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔اس موقع پر زندگی ٹرسٹ کے سربراہ شہزاد رائے ، وفاق اور سندھ کے اعلی حکام کے علاوہ کراچی کے مخیر حضرات بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ ملک میں مسائل اور پریشانی کے واقعات ہوتے رہتے ہیں ، ان سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ، موجودہ حالات میں بھی بہت جلد بہتری آجائے گی اور ملک ترقی کے راستے پر گامزن رہے گا۔صدر مملکت نے کہا کہ ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ تعلیم کے بغیر ممکن نہیں،ماضی میں تعلیم سمیت بہت سے شعبے نظر انداز ہوئے جبکہ نیشنلائزیشن کئی قسم کے مسائل پیدا ہوئے۔

انھوں نے کہا کہ اس صورت حال سے نکلنے کے لیے نجی شعبہ تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے جبکہ زندگی ٹرسٹ اور اس کے سربراہ شہزاد رائے نے بھی اس سلسلے میں قابل قدر کام کیا ہے، نجی شعبہ جس کے تقلید کرکے تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔صدر مملکت نے کہا گھوسٹ اسکولوں سے تعلیم کی شرح میں کمی واقع ہوئی۔ موجودہ حکومت گھوسٹ اسکولوں کو ختم کرکے تعلیم کے فروغ کی پالیسی پر کاربند ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ قومی ترقی کے لیے خواتین کی تعلیم ناگزیر ہے جبکہ پرائمری تعلیم کا شعبہ مکمل طور پر خواتین کے پاس ہونا چاہئے وزارت تعلیم اس منصوبے پر کام کررہی ہے۔ انھوں نے طالبات کو نصیحت کی کہ وہ اپنی دلچسپی کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کریں، اس مقصد کے لیے بیرون ملک بھی جانا پڑے تو ضرور جائیں لیکن اس دوران وہ پاکستانی اقدار کا ضرورخیال رکھیں کیونکہ اجنبی تہذیبوں کی اندھی تقلید سنگین معاشرتی مسائل پیدا کرتی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ کراچی فراغ دل لوگوں کا شہر ہے، خیر کے کاموں کے لیے سب سے زیادہ چیریٹی کرتا ہے ، اس شہر کے تاجروں اور صنعت کاروں نے عوامی فلاح و بہبود کے بڑے بڑے منصوبے مکمل کیے ہیں جو قابل ستائش ہے۔صدر مملکت اس موقع پر اسکول کے مختلف شعبوں میں گئے اور اس ادارے کے طریقہ تعلیم کے بارے میں سوالات کیے۔ صدر مملکت اس موقع پر مختلف کلاس رومز میں بھی گئے اور بچوں سے بات چیت کی۔ انھوں نے بچو ں کو نصیحت کی کہ وہ پاکستا ن کی ترقی کے جذبے کے تحت زیادہ محنت سے تعلیم حاصل کریں۔ صدر ممنون حسین نے اس موقع پر مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات بھی تحریر کیے اور اسکول کی بچیوں کو تحائف پیش کیے۔