کابل میں افغان انٹیلی جنس کے دفتر کے باہر خود کش حملہ،ایک شخص ہلاک ،6 زخمی

سفارتی زون میں ایک خود کش بم بار نے خود کو افغان انٹیلی جنس کے صدر دفتر کے سامنے دھماکے سے اڑا دیا،زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق نینشل سکیورٹی سے ہے،کارروائی میں اصل نشانہ افغان انٹیلی جنس کا دفتر تھا،افغان حکام

ہفتہ 24 فروری 2018 14:50

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 فروری2018ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل میںانٹیلی جنس آفس کے سامنے خودکش حملے میں ایک شخص ہلاک اور 6زخمی ہوگئے ۔افغان میڈیاکے مطابق وزارت داخلہ کے ایک اعلان کے مطابق ہفتے کی صبح دارالحکومت کابل کے سفارتی زون میں ایک خود کش بم بار نے خود کو افغان انٹیلی جنس کے صدر دفتر کے سامنے دھماکے سے اڑا دیا۔

اس کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ "زور دار دھماکہ" عین رش کے اوقات میں ہوا۔

(جاری ہے)

افغان انٹیلی جنس اور قومی سلامتی کی انتظامیہ کا صدر دفتر "گرین زون" کی حدود کے کنارے واقع ہے۔ امریکی سفارت خانہ اور امریکی افسران کے زیر قیادت نیٹو کے آپریشن کا صدر دفتر بھی اسی کے نزدیک واقع ہے۔انٹیلی جنس ادارے کے اندر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی میں اصل نشانہ افغان انٹیلی جنس کا دفتر تھا۔

ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق نینشل سکیورٹی سے ہے۔یاد رہے کہ 25 جنوری کوبھی افغان انٹیلی جنس اور وزارت دفاع کے دفاتر کے داخلی راستے پر واقع چیک پوائنٹ کو ایک خود کش حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ حملے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے اور اس کی ذمے داری داعش تنظیم نے قبول کی تھی۔

متعلقہ عنوان :