بھارت جمہوریت کی آڑ میں کشمیریوں کے حقوق کا غاصب ملک ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی انتہا ہو چکی ہے، معصوم بچوں پر پیلٹ کا استعمال، خواتین کی عصمت دری، نوجوانوں پر بلاجواز وحشیانہ تشدد اور ان کی گرفتاریاں عالمی انسانی حقوق کے علمبرداروں کے منہ پر طمانچہ ہے

جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد آصف یعقوب ایڈووکیٹ کی میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 24 فروری 2018 14:50

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 فروری2018ء) جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد آصف یعقوب ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بھارت جمہوریت کی آڑ میں کشمیریوں کے حقوق کا غاصب ملک ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی انتہا ہو چکی ہے، معصوم بچوں پر پیلٹ کا استعمال، خواتین کی عصمت دری، نوجوانوں پر بلاجواز وحشیانہ تشدد اور ان کی گرفتاریاں عالمی انسانی حقوق کے علمبرداروں کے منہ پر طمانچہ ہے، بھارت جنگی جرائم کا مرتکب ہو کر عالمی امن کے لئے خطرہ بن چکا ہے گزشتہ روز میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نیکہاکہ کنٹرول لائن پر بھارت کی جانب سے بار بار خلاف ورزی کرنا بھارتی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے اپنے جتن آزما لیے مگر وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کرسکا، نہ کر سکے گا کیونکہ بھارت کے جدید اسلحہ کے سامنے کشمیریوں کے ڈنڈے حاوی ہوچکے ہیں، بھارتی مظالم بڑھنے کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کا جذبہ آزادی تیزتر ہوتا جا رہا ہے، اس لیے ہم عالمی برادری اور عالمی انسانی حقوق کے علمبرداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارتی مظالم بند اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دلوائیں ورنہ دنیا میں قیام امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا۔