کشمیر کونسل بارے آزاد کشمیر حکومت کے بیانات کی حقیقت کھلناشروع ہو گئی ہے‘ وزیراعظم آزادکشمیر کے نام سے فیس بک پر سٹیٹس اپ لوڈ ہوتے ہیں اور وہ تردید جاری کر رہے ہیں کہ ان کا سوشل میڈیا پر کوئی اکائونٹ یا پیج نہیں تو وزیراعظم کے نام سے سوشل میڈیا پر اکائونٹ چلانے والوں کیخلاف کارروائی کیوں نہیں کی جاتی

نوجوان قانون دان، سابق امیدوار اسمبلی حلقہ چھ مظفرآباد نوید عباسی ایڈووکیٹ کی بات چیت

ہفتہ 24 فروری 2018 14:50

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 فروری2018ء) نوجوان قانون دان، سابق امیدوار اسمبلی حلقہ چھ مظفرآباد نوید عباسی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کشمیر کونسل بارے آزاد کشمیر حکومت کے بیانات کی حقیقت کھلناشروع ہو گئی ہے، وزیراعظم آزادکشمیر کے نام سے فیس بک پر سٹیٹس اپ لوڈ ہوتے ہیں اور وہ تردید جاری کر رہے ہیں کہ ان کا سوشل میڈیا پر کوئی اکائونٹ یا پیج نہیں تو وزیراعظم کے نام سے سوشل میڈیا پر اکائونٹ چلانے والوں کیخلاف کارروائی کیوں نہیں کی جاتی، جو ریاست میں نت نئے ابہام پیدا کرتے ہیں، آزادکشمیر حکومت اپنے انتخابی وعدے پورے کرنے میں ناکام ہو چکی ہے اور آیروز کوئی نیا ایشو بنا کر لوگوں کوٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا جاتا ہے گزشتہ روز میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نیکہاکہ آزاد کشمیر حکومت اپنے انتخابی وعدے پورے کرے، عوام اب اتنے بیوقوف نہیں کہ وہ آپ کی باتوں میں آ جائیں گے، وزیراعظم آزادکشمیر نے گڑھی دوپٹہ کو سب ڈویثرن بنانے کا اعلان کیا مگر اس پر عملدرآمد ہوتا نظر نہیں آتا، کیونکہ وزیراعظم صاحب کئی سالوں سے اپنے آبائی ضلع ہٹیاں بالا میں انفراسٹرکچر پورا نہیں کر سکے، ضلع حویلی نیلم میں ابھی تک ضلعے کی ضرورت پوری نہیں ہو سکیں، تحصیل پٹہکہ، تحصل چکار، تحصیل لیپہ ویلی ابھی تک ناموں کی حد تک تحصیلیں ہیں، پہلے ان کی ضروریات تو پوری کی جائیں پھر نئے اعلان کیے جائیں تو عوام یقین بھی کرئے، ویسے بھی گڑھی دوپٹہ کے حوالہ سے قبل ازیں مسلم کانفرنس، پیپلزپارٹی اور اب ن لیگ کیطرف سے تیسرا اعلان کیا گیا ہے، جو کہ عوام کو لالی پاپ دینے کی چال ہے۔