جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل راجہ فاضل تبسم سے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی کی ملاقات

ہندوستان کے مکروہ چہرے کو پورے یورپ میں بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے تحریک کشمیر برطانیہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے قابل تحسین خدمات سر انجام دے رہی ہے‘ فاضل تبسم

ہفتہ 24 فروری 2018 14:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 فروری2018ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل راجہ فاضل حسین تبسم سے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے جماعت اسلامی کے مرکز کھنہ اسلام آباد میں اپنے دورے کے دوران اہم ملاقات کی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راجہ فاضل حسین تبسم نے کہا کہ ہندوستان کے مکروہ چہرے کو پورے یورپ میں بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے تحریک کشمیر برطانیہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے قابل تحسین خدمات سر انجام دے رہی ہے ،پوری کشمیر ی قوم ان کی جدوجہد کی تحسین کرتی ہے ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک کشمیربرطانیہ کے صدرفہیم کیانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو یورپ کے ایوانوں تک پہنچانے کا اہتمام کررہے ہیں 5فروری کو یورپ کے 12ممالک میں یکجہتی کشمیر بھرپور انداز سے منائی گئی بعض مقامات میں خود شریک رہا ہوں تحریک کشمیربرطانیہ کی کوشش ہے کہ یورپ میں بسنے والے لوگوں کو تحریک آزادی کشمیر کی پشت پر لایا جائے اور خاص کر برطانیہ میں کشمیری نوجوانوں کو اس تحریک سے وابستہ کیا جائے ،انہوں نے کہاکہ تحریک کشمیر برطانیہ کی کوششوں سے برطانیہ کے ایوانوں میں کشمیر پر قراردادیں آرہی ہیں سٹی کونسلز میں ہمارے مسئلے پر بحث شروع ہے ہماری کوشش ہے کہ ممبران پارلیمنٹ کو کشمیر کی حقیقی صورت حال سے آگاہ کیا جائے ۔