ایران عالمی سلامتی کیلئے خطرہ ،قطر کا معاملہ خطے کے اہم مسائل کے مقابلے میں معمولی ہے،سعودی عرب

خطے میں قطر کے مسئلے کے سوا اور بھی کئی حل طلب مسائل موجود ہیں، قطر کا مسئلہ ان کی نسبت بہت چھوٹا ہے، قطر کو اپنے ابلاغی اداروں کو نفرت پر اکسانے سے روکنا ہو گا، قطر جیسے ممالک کے ابلاغی اداروں نے سعودی عرب میں اصلاحات کیلئیمہمات چلانے پر شہریوں کو اکسایا،سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر

ہفتہ 24 فروری 2018 14:50

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 فروری2018ء) سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ قطر کا معاملہ خطے کے دیگر اہم مسائل کے مقابلے میں بہت چھوٹا اور معمولی ہے، سعودی عرب تبدیلیوں کے جس مرحلے سے گذر رہا ہے وہ نوجوانوں کو ان کے خواب پورے کرنے کے مواقع فراہم کرے گا۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق ساحلی ممالک کے گروپ G5 کے زیراہتمام منعقدہ کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ خطے میں قطر کے مسئلے کے سوا اور بھی کئی حل طلب مسائل موجود ہیں۔

قطر کا مسئلہ ان کی نسبت بہت چھوٹا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر کو اپنے ابلاغی اداروں کو نفرت پر اکسانے سے روکنا ہو گا۔ قطر جیسے ممالک کے ابلاغی اداروں نے سعودی عرب میں اصلاحات کے لیے مہمات چلانے پر شہریوں کو اکسایا۔سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ قطری حکومت نے ہمارے ساتھ دہشت گردی روکنے کے لیے سمجھوتے کیے مگر ان پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

عاد الجبیر نے کہا کہ خلیجی تعاون کونسل کے رکن ممالک علاقائی بحرانوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ پورا عرب خطہ شام اور عراق جیسے سنگین بحرانوں کی لپیٹ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراق کا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ہے۔ داعش کو شکست دینے کے بعد عراق کے عرب ممالک کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔یمن کے تنازع پر بات کرتے ہوئے سعودی وزیرخارجہ نے کا کہا یمن کے حوثی باغیوں نے ایران کے اکسانے پر تنازع کے پرامن اور سیاسی حل کی تمام کوششوں کو ناکام بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے یمن میں جنگ سے متاثرہ شہریوں کی بحالی اور مدد کے لیے ہرممکن امداد فراہم کی۔انہوں نے کہا کہ ایران نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ خطے میں ایران کی کھلے عام مداخلت کے ثبوت موجود ہیں۔ ایران لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ سمیت دیگر دہشت گردوں کی مدد کر رہا ہے تاکہ ان کی مدد سے وہ اپنے علاقائی اثرو نفوذ کو بڑھا سکے۔