آزاد کشمیر ،ْ گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں پر برفباری کا سلسلہ پھر شروع ،ْ سردی بڑھ گئی

برف باری کی وجہ سے کاغان تا ناران اور ناران تا بابو سر ٹاپ تک کے تمام رابطہ روڈ بند ،ْ سیاحوں کو شدید مشکلات کاسا منا پنجاب میں وقفے وقفے سے جاری ہلکی بارش کے باعث کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی کشمیر، فاٹا، گلگت بلتستان، کوئٹہ، ژوب، قلات ڈویژن، خیبرپختونخوا میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان

ہفتہ 24 فروری 2018 14:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2018ء) آزاد کشمیر ،ْ گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں پر برفباری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے جس کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی ہے ،ْبرف باری کی وجہ سے کاغان تا ناران اور ناران تا بابو سر ٹاپ تک کے تمام رابطہ روڈ بند ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے سیاحوں کوشدید مشکلات کاسا منا ہے ،ْ پنجاب میں وقفے وقفے سے جاری ہلکی بارش کے باعث کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جبکہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کشمیر، فاٹا، گلگت بلتستان، کوئٹہ، ژوب، قلات ڈویژن، خیبرپختونخوا میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر ،ْ گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جو دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا جبکہ پہاڑی پر برف باری بھی ہوئی ۔

(جاری ہے)

پنجاب میں لاہور ،ْ سرگودھا اور چیچہ وطنی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کسانوں کا کہنا ہے کہ بارش سے فصلوں پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ادھر مانسہرہ، شوگران، ناران، جھیل سیف الملوک، لولو سر، دودی پت سر، اور مضافات میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ برف باری کی وجہ سے کاغان تا ناران اور ناران تا بابو سر ٹاپ تک کے تمام رابطہ روڈ بند ہوگئے جس کے باعث شہریوں اورسیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑاادھر پشاور ،ْچار سدہ ، ڈی آئی خان میں بھی رات گئے سے ہلکی بارش اور بوندا باندی جاری رہی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا تاہم کوئٹہ اور ژوب ڈویژن میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش ژوب میںپندرہ ملی میٹر، کوئٹہ گیارہ ، نوکنڈی میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ اسلام آبد، راولپنڈی، لاہور، قصور، وہاڑی، ملتان، سبی، بھکر اور لاڑکانہ سمیت مختلف علاقوں میں کہیں بارش اور کہیں ہلکی بوندا باندی ہوئی ہے جس سے درجہ حرارت میں کمی سے سردی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ساتھ موسم خوشگوار ہو گیا۔