پی ایس ایل3 میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 43 رنز سے شکست دیدی

ہفتہ 24 فروری 2018 01:50

دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2018ء) پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے جنید خان اور عمران طاہر کی بہترین بالنگ کی بدولت لاہور قلندرز کو 43 رنز سے شکست دیدی۔ جمعہ کو دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل تھری کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے لاہور قلندرز کو 180 رنز کا ہدف دیا گیا۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم اٹھارہویں اوور میں 136 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ لاہور قلندرز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے احمد شہزاد 38 رنز بنا کر مستفیظ الرحمان کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ملتان سلطانز کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی صہیب مقصود تھے جو یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

(جاری ہے)

کمارا سنگا کارا نے ایک بار پھر شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 44 گیندوں پر 63 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر مستفیظ الرحمان کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ کیرون پولارڈ بغیر کوئی رن بنائے جبکہ شعیب ملک 48 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے مستفیظ الرحمان نے 2 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی جب کہ ملتان سلطانز کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے جنید خان اور عمران طاہر نے تین، تین جبکہ محمد عرفان اور کیرون پولارڈ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز 136 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ لاہور قلندرز کو پہلا نقصان چوتھے اوور میں سنیل نارائن کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 26 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔لاہور قلندرز کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی برینڈن میکلم تھے جو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

جارحانہ موڈ میں نظر آنے والے عمر اکمل 31 رنز بنا کر کیرون پولارڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ فخر زمان بھی 30 گیندوں پر 49 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، احمد شہزاد نے ان کا شاندار کیچ پکڑا۔لاہور قلندرز کے نوجوان بلے باز سہیل اختر 21 رنز بنا کر عمران طاہر کی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ عامر یامین کو بھی ایک رن پر عمران طاہر نے کلین بولڈ کیا۔

لاہور قلندرز کی آخری 5 وکٹیں اپنی ٹیم کے اسکور میں صرف ایک رن کا ہی اضافہ کر پائیں جبکہ آخری 7 وکٹیں صرف 4 رنز کا ہی اضافہ کر پائے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے جنید خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 اوور میں ہیٹ ٹرک مکمل کی، انہوں نے تین گیندوں پر لگاتار یاسر شاہ، ڈیلپورٹ اور رضا حسن کو آؤٹ کیا۔ لاہور قلندرز کے آخری کھلاڑی کو عمران طاہر نے آؤٹ کیا۔ملتان سلطانز کے عمران طاہر کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔