شوارما نہ دلوانے پر بیوی کا شوہر سے طلاق کا مطالبہ

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 23 فروری 2018 23:43

شوارما نہ دلوانے پر  بیوی کا شوہر سے طلاق کا مطالبہ

حال ہی میں مصر میں ایک 30 سالہ خاتون نے اپنے 32 سالہ شوہر سے طلاق کا مطالبہ  کر ڈالا ہے جبکہ شادی کو ابھی صرف 40 دن ہی گزرے ہیں ۔ اس مطالبے کی بنیاد خاوند کی کنجوسی بتائی جاتی ہے جس نے شادی کے بعد پہلی بار گھر سے باہر گھومتے ہوئے  بیوی کو شوارما خرید کر دینے سے انکار کر دیا۔
زنانيری میں فیملی کورٹ کے سامنے سمیحہ نامی اس خاتون نے بتایا کہ اس نے احمد نامی اس ٹیچر سے صرف دو ماہ کی واقفیت کے بعد شادی رچا لی تھی جس سے وہ اتنے کم عرصہ میں اس کی بخیل طبیعت سے واقف نہیں ہو پائی۔

لیکن شادی کے بعد اس کی یہ عادت کھل کر سامنے آ گئی۔ پہلے دن ہی اس نے بیوی سے کہہ دیا تھا کہ وہ باہر گھومنے پھرنے سے نفرت کرتا ہے کیونکہ یہ سب پیسوں کا ضیاع ہے۔ لیکن بیوی نے اس کی بات پر کوئی توجہ نہ دی۔

(جاری ہے)

اس کا کہنا تھا کہ اچھی نوکری اور فارغ وقت میں ٹیوشن پڑھانے کے باوجود اس کا طرز زندگی بہت ہی کفایت شعارانہ ہے یہاں تک کہ کھانے کے معاملے میں بھی۔

جب وہ کام کے لیے جانے لگتا ہے تو ہمیشہ چیک کرتا ہے کہ کتنی ڈبل روٹی باقی بچی ہے۔اور ایک بار جب سمیحہ نے اس کی غیر موجودگی میں ایک ٹکڑا کھا لیا تو اس نے اسے بتایا کہ ہفتے کے آخر تک اسے صرف چاول یا میکرونی کھا کر گزارا کرنا چاہیے۔
نوجوان خاتون نے اپنے گھر والوں کو اپنے شوہر کی کنجوسیوں کے بارے  میں بتایا تو انہوں نے کہا کہ یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔

سمیحہ کو صبر سے کام لینا چاہیے۔ اور یہ کہ وہ وقت کے ساتھ ساتھ ٹھیک ہو جائے گا۔ لیکن ان کا خیال غلط تھا۔
احمد کی کنجوس  فطرت کی وضاحت کرتے ہوئے سمیحہ نے بتایا کہ "میرا شوہر اتنا بخیل ہے کہ بولنے میں بھی کنجوسی کرتا ہے زیادہ تر میں خود ہی بول بول کر خاموش ہو جاتی ہوں۔" لیکن یہ واقعہ جس کی وجہ سے طلاق تک نوبت آپہنچی ،شادی کے 40 دن پورے ہونے پر پیش آیا۔

اس نے احمد سے منت کی کہ وہ اسے باہر گھمانے لے جائے تاکہ اسے تازہ ہوا میسر آئے اور وہ کوئی  مشروب پی سکیں ۔ احمد ہچکچاہٹ کے ساتھ مان گیا۔ لیکن جب گھومنے  کے دوران اس نے شوارما سینڈوچ لینے کو کہا تو اس نے صاف انکار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ صرف پینے کے لیے آئے تھے، کھانے کے لیے نہیں۔
سمیحہ نے عدالت کو بتایا کہ اس نے مجھے ایک ہی دن میں سینڈوچ اور جوس کا آرڈر دینے پر خود کو استعمال کیے جانے کا الزام دیا۔

جب میرے شوہر نے مجھے شوارما خرید کر دینے سے انکار کیا تو میں اس سے ناراض تھی اور کار میں بیٹھے ہوئے بھی وہ مسلسل مجھے الزام دیتا رہا،مجھے منافق کہا اور یہ کہ باہر جانا ایک بہت بڑی غلطی تھی۔"
سمیحہ اس سے زیادہ یہ سب برداشت نہیں کر سکتی تھی اس لیے وہ اپنے والدین کے پاس چلی گئی اور طلاق کے لیے مقدمہ دائر کر دیا۔اس نے جج کو بتایا کہ وہ اپنے "بیمار" شوہر کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی۔

متعلقہ عنوان :