پاکستان ریلویز کی کُل پاکستان ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کانفرنس میں ریلوے پٹڑیوںاور ورکشاپ سمیت مختلف انتظامات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگی کرنے کا فیصلہ

جمعہ 23 فروری 2018 23:20

لاہور۔23 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) پاکستان ریلویز کی کُل پاکستان ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کانفرنس میں ریلوے پٹریوں اور ورکشاپوں سمیت مختلف مقامات پر کام کرنے والے ہزاروں کارکنوں کے حفاظتی آلات اور انتظامات کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز محمد جاوید انور نے اس حوالے سے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

کل پاکستان ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کانفرنس ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز آفیسر محمد جاوید انور نے ریلوے اسٹیشنوں کی بہتری کے لئے فنڈز کے استعمال میں بلوچستان کو پہلی ترجیح ،سندھ کو دوسری ،خیبر پختون خواہ کو تیسری اور پنجاب کو سب سے آخری ترجیح دینے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگلے برس ریلوے کی نئی انتظامیہ ہو گی اور وہ چاہتے ہیں شجر کاری مہم میں لگائے گئے ایک لاکھ سے زائد پودوں کی نگہداشت کا باقاعدہ نظام ترتیب دیا جائے اور اگلے برس کا ٹارگٹ ایک لاکھ پندرہ ہزار سے بھی بڑھادیا جائے انہوں نے کہا کہ شجر کاری میں ہر برس ٹارگٹ کو بڑھا یا جائے کہ شجر کاری صدقہ جاریہ ہے ۔

محمد جاوید انور نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے افسران اور اداروں کی منظور شدہ تعدار 96ہزار سے بھی زائد ہے اور یہ امر قابل تعریف ہے کہ سٹاف میں 26ہزار کی کمی ہونے کے باوجودمحض 70ہزار ملازمین سے کارکردگی اور آمدن میں کئی گنا اضافہ کیا گیا جس کا کریڈٹ وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق سے لے کر ایک گینگ مین تک کو جاتا ہے۔پاکستان ریلویزکی دو روزہ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کانفرنس23فروری 2018سے ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں شروع ہو گئی ہے اس کا آخری اجلاس آج 24فروری کو ہوگا۔

کانفرنس میں مختلف ڈویژنوں میں جاری پراجیکٹ ،ملازمین کے لئے حفاظتی سامان و آلات کی دستیابی، ٹرینوں کی آمدو رفت کی پابندی کی صورت حال ، ڈویژنوں میں ہونے والی ترقی ، ریلوے کی آمدن میں اضافے کے لیے تجاویز، شجر کاری کے حوالے سے چیف ایگزیکٹو کی ہدایات پر عمل درآمد مسافر کوچز میں جراثیم کش ادویات کے موثر استعمال،مختلف ڈویژنوں میں مسافروں کو دی جانے والی سہولتوںاور تجاویز ،ناجائز تجاوزات کے حوالے سے مہم میں حاصل ہونے والے نتائج اورمستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے معاملات بھی زیر بحث آئے اور ان پر غور کیا گیا۔

بریفنگ کے دوران چیف ایگزیکٹوآفیسرپاکستان ریلویز نے کارکردگی بڑھانے ، فریٹ ٹریفک میں اضافہ اور مسافروں کے لیے سہولیات کو بہترکرنے کے حوالے سے ہدایات بھی جاری کیں۔ کانفرنس میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور سفیان سرفراز ڈوگر،ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ راولپنڈی عبدالمالک ، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پشاور حنیف گل،ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کراچی اعجاز بروڑو، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ سکھر ریاض لغاری، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ملتان عدنان شافع، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ورکشاپس سلمان صادق اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کوئٹہ واصف مغل نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :