ڈاکٹروں اور طبی عملے کی غیرحاضری کسی صورت قابل برداشت نہیں اور نہ ہی صفائی کی صورتحال پر سمجھوتہ کیا جاسکتا ہے‘ حکومت ڈاکٹروں کی تنخواہوں اور ہسپتالوں میں سہولیات کے لئے کثیر فنڈز فراہم کررہی ہے تاکہ عوام کو علاج معالجہ کی بہتر سہولتیں مل سکیں‘ بدقسمتی سے ہمارے سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار انتہائی ابتر ہے اور عوام مشکلات کا شکار ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

جمعہ 23 فروری 2018 23:09

ڈاکٹروں اور طبی عملے کی غیرحاضری کسی صورت قابل برداشت نہیں اور نہ ہی ..
کوئٹہ۔23 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے جمعہ کے روز پشین کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران صوبائی وزراء غلام دستگیربادینی، سید رضا آغا، اراکین صوبائی اسمبلی مولانا عبدالواسع، انجینئر زمرک خان اچکزئی، میر حمل کلمتی،عبدالمالک کاکڑ، صوبائی مشیر شہزاد بھوتانی، سابق اسپیکر مطیع اللہ آغا، آئی جی پولیس، کمشنر کوئٹہ اوردیگر متعلقہ حکام بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کھلی کچہری کا انعقاد کرتے ہوئے لوگوں کے مسائل سنے اور ان کی جانب سے پیش کی گئی درخواستوں پر احکامات جاری کئے۔ وزیراعلیٰ کو اس موقع پر ضلع پشین میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ عوام تک ان منصوبوں کے ثمرات پہنچ سکیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ لہٰذا متعلقہ حکام کسی بھی صورت کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور وہاں زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں صحت وصفائی کی صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا جبکہ انہوں نے ڈاکٹروں کی غیرحاضری کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف فوری کاروائی کا حکم دیااورصوبائی سیکرٹری صحت سے اس حوالے سے رپورٹ طلب کی ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹروں او رطبی عملے کی غیرحاضری کسی صورت قابل برداشت نہیں اور نہ ہی صفائی کی صورتحال پر سمجھوتہ کیا جاسکتا ہے حکومت ڈاکٹروں کی تنخواہوں اور ہسپتالوں میں سہولیات کے لئے کثیر فنڈز فراہم کررہی ہے تاکہ عوام کو علاج معالجہ کی بہتر سہولتیں مل سکیں۔ لیکن بدقسمتی سے ہمارے سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار انتہائی ابتر ہے اور عوام مشکلات کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم صحت تعلیم اور دیگ شعبوں میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا عزم لے کر حکومت میں آئے ہیں اور عوام کو اس حکومت سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔یہ توقعات اسی صورت میں پوری ہوسکیں گی جب ادارے اپنی کارکردگی بہتر بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے سیکریٹری صحت کو فوری طور پر پشین ہسپتال کا دورہ کرکے اس کی بہتری کے لئے مؤثر اقدامات کرنے اور تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :