وزیراعلیٰ پنجاب سے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی ملاقات،

انسداد دہشت گردی کیلئے اقدامات اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال سی پیک خطے سے دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے بھی اہم کردار ادا کریگا:شہبازشریف سی پیک کے منصوبوں سے چاروں صوبوں کیساتھ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام بھی مستفید ہونگے، سی پیک منصوبہ تاریخ کا دھارا موڑ دیگا ،اس کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگی:وزیراعلیٰ کی احسن اقبال سے گفتگو

جمعہ 23 فروری 2018 23:07

وزیراعلیٰ پنجاب سے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی ملاقات،
لاہور۔23 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے ملاقات کی۔ ملاقات میں انسداد دہشت گردی کیلئے کئے جانے والے اقدامات،ملک کی مجموعی صورتحال اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے پنجاب میںامن وامان کی بہتری کیلئے مثبت اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت اتحاد واتفاق کا ہے اور ملک اتحاد کی قوت سے ہی آگے بڑھے گا۔دہشت گردی،انتہاپسندی اور فرقہ واریت پاکستان کے عوام کا مقدر نہیں اورقائداعظم محمد علی جناحؒ کے پاکستان میں ایسے ناسور کی کوئی گنجائش نہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم کی عظیم قربانیاں مسلمہ ہیں۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کا چیلنج جتنا بڑا ہے، پاکستانی قوم کا عزم اس سے بلند ہے۔دہشت گردی کیخلاف نیشنل ایکشن پلان پر مثبت انداز میں عملدرآمد نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کو ہر قیمت پر شکست دے کر ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ ملک میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں سے چاروں صوبوں کیساتھ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام بھی مستفید ہونگے۔چین سی پیک کے تحت پاکستان میں اربوں ڈالر کی تاریخ ساز سرمایہ کاری کر رہا ہے اورچین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ حقیقی معنوں میں ایک گیم چینجر ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھول دیئے ہیں اورسی پیک خطے سے دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے اور غربت میں کمی لانے کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کرے گا۔وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سی پیک منصوبہ تاریخ کا دھارا موڑ دے گا ،اس کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔