پاکستان کی تاریخ میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت شفاف ترین،ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہی:شہبازشریف

خدمت، دیانت اور شفافیت کے سامنے الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست اپنی موت آپ مرچکی ہے‘وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کی ملاقات

جمعہ 23 فروری 2018 23:07

پاکستان کی تاریخ میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت شفاف ترین،ہمیشہ خدمت کی سیاست ..
لاہور۔23 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن ) کی حکومت کا دورشفافیت، خدمت اوردیانت سے عبارت ہے اورموجودہ حکومت کے دور میں شفافیت میں اضافے کابرملا اعتراف بین الاقوامی سطح پربھی کیاگیا ہے ۔

مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے کرپشن کی روک تھا م کیلئے موثر اقدامات کیے ہیں،جسے عالمی اداروںنے سراہا ہے۔ پنجاب میں قومی وسائل کو امانت سمجھ کر دیانتداری کیساتھ فلاح عامہ کیلئے استعمال کیاگیا ہے اورپنجاب حکومت نے منصوبوں میں 682ارب روپے کی بے مثال بچت کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے جس کی پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں کوئی مثال موجود نہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی تاریخ میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت شفاف ترین حکومت ہے اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک جماعت نے دھرنے ،لاک ڈاؤن اوراحتجاج کرکے ترقی کا سفر روکنے کی کوشش کی جبکہ اس جماعت نے اپنے صوبے میں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کچھ نہیں کیا اور آج اس جماعت کے لیڈر اپنے صوبے میں عوام کو منہ نہیں دکھاسکتے۔

عوام احتجاج و انتشار کی سیاست اور ملکی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے بیزارہوچکے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ خدمت، دیانت اور شفافیت کے سامنے الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست اپنی موت آپ مرچکی ہے۔ دیانت اور شفافیت کی سیاست کے باعث آج بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام میں مقبول ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے ہماری شبانہ روز محنت رنگ لائی ہے اورآئندہ الیکشن میں بھی عوام بہتان تراشیاںکرنے والوں کو مسترد کردیںگے۔وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میںرکن قومی اسمبلی ندیم عباس ربیرہ،رکن قومی اسمبلی راجہ محمد جاوید اخلاص اوررکن صوبائی اسمبلی سردار محمد جمال لغاری شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :