پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر رولف ہولمبو کی وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمدخان لغاری سے ملاقات

جمعہ 23 فروری 2018 22:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر رولف ہولمبو نے جمعہ کو روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمدخان لغاری سے ملاقات کی۔اس موقع پر ڈنمارک کے خارجی امور کے کمرشل کونسلر علی مشتاق اور پاورڈویژن کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبہ میں تعاون سے متعلق معاملات زیر بحث آئے۔

وفاقی وزیر نے سفیر کو حکومت کے ان منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا جن کے تحت توانائی کے شعبے میں درپیش چیلنجز سے نمٹاجاسکے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈنمارک کے کاروباری اداروں کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قابل تجدیدتوانائی کا شعبہ تیزی سے وسیع ہورہا ہے اور مقابلہ کے آغاز کیساتھ سرمایہ کاری کے لیے بہترین مواقع فراہم کرے گا،وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان نے قابل تجدید توانائی کی پیداوار کیلئے مسابقتی بولی کے طریقہ کار سے صارفین کو فائدہ پہنچانے کیلئے وسائل کے استعمال کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے ڈنمارک کے سفیر کو قابل تجدید توانائی کے اداروں کے قیام میں معاونت کی دعوت دی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان کی نئی توانائی پالیسی حتمی مراحل میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پالیسی ملک میں بجلی کی طلب ورسد کی صورتحال کا تعین کرے گی۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا گیا کہ ڈنمارک سے قابل تجدید توانائی کے ماہر ین کو پاکستان میں نئی توانائی پالیسی اور قابل تجدید توانائی کے ادارے کے قیام میں تعاون کیلئے نامزد کیا جائے گا۔

وفا قی وزیر نے توانائی کے شعبے میں ڈنمارک کے ماہرین کی کا ر کردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈنمارک کے ماہرین کا توانائی کے شعبے میں کاسٹ پلس سے مسابقتی بولی کے طریقہ پر منتقلی کا وسیع تجربہ ہے، اس ضمن میں میں وفاقی وزیر نے سفیر سے کہا کہ توانائی کے شعبے میں ہمارے ساتھ بھی تعاون کیا جائے تاکہ ان تجربات سے پاکستان بھی استفادہ حاصل کر سکے۔

جبکہ پاور ڈویژن میں ایڈیشنل سیکرٹری کی سطح پر دونوں مملک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید بہتر کرنے کیلیے فوکل پرسن متعین کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ڈنمارک کے سفیر نے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اور بجلی کے مختلف شعبوں میں کام کرنے پر رضا مندی ظاہر کی۔انہوں نے کہا کہ ہم توانائی کے شعبہ میں چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے پاکستان کے ساتھ شراکت کرنا چاہتے ہیں،انہوں نے پاور ڈویژن کے نمایاں کردار کو سراہا جو کہ پاکستان میں ایک وسیع شعبہ ہے ،وفاقی وزیر نے سفیر کا شکریہ اداکرتے ہوئے توانائی کی پالیسی بنانے میں پاکستان کیلئے معاونت کی دعوت دی۔

ڈنمارک کے سفیر نے کہا کہ ڈنمارک کا قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں وسیع تجربہ ہے اور پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے سے توانائی کے شعبہ کی صلاحیتوں میں اضافہ کا باعث بنے گا۔سفیر نے وفاقی وزیر کو دونوں ممالک میں توانائی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی اور اس شعبہ میں معاونت کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :