آئل ٹینکر کے ڈرائیوروں کی آگاہی کیلئے خصوصی ٹریننگ اور روڈ سیفٹی سیمینارکا انعقاد

جمعہ 23 فروری 2018 22:48

سکھر۔23فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) موٹر وے پولیس کی جانب سے آئل ڈیپو پی ایس او پنوعاقل میں روڈ سیفٹی سیمینار اور آئل ٹینکر کے ڈرائیوروں کے لئے آگ بجھانے والے آلے کے استعمال کے بارے میں آگاہی کے لئے خصوصی ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر غلام سرور بھیو نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

روڈ سفیٹی سیمینار کا مقصد آئل ٹینکر کے ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین کی آگاہی اور روڈ حادثات سے بچائو کے بارے میں خصوصی لیکچر دینا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو کا کہنا تھا کہ روڈ سیفٹی پروگرام کا مقصد احمد پور شرقیہ جیسے ہولناک واقعات سے بچائو اور آئل ٹینکر کے حادثے کی صورت میں ڈرائیور کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق آگاہی دینا ہے، ان کا کہنا تھا کہ موٹر وے پولیس ٹریفک قوانین پر عملداری سے متعلق مختلف اداروں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر ٹریفک قوانین اور آگ بجھانے والے آلے کے استعمال سے متعلق سوال و جواب اور عملی مشق میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے ڈرائیور حضرات میں ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو کی جانب سے انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔