انتخابی اصلاحات نہ ہونے کی وجہ سے سیاسی میدان پر دولت مند خاندانوں کا قبضہ ہے ‘ ذکر اللہ مجاہد

الیکشن کمیشن سمیت تمام ادارے اختیار ات کے باوجود کرپٹ مافیا کے سامنے بے بس ہیں‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعہ 23 فروری 2018 21:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ نتخابی اصلاحات نہ ہونے کی وجہ سے سیاسی میدان پر دولت مند خاندانوں کا قبضہ ہے۔الیکشن کمیشن سمیت تمام ادارے اختیار ات کے باوجود کرپٹ مافیا کے سامنے بے بس ہیں۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روزانہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کے دوران اپنے بیان میں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوائے جماعت اسلامی کے تمام سیاسی پارٹیاں جوڑ توڑ اور خریدوفروخت کی سیاست میں ملوث ہیں ۔وراثتی انگریزی نظام میں جاگیر دارانہ، پولیس ، سول انتظامیہ اور سیاسی شخصیات سے تعائون جائز تصور کیا جاتا ہے ۔قانون مال داروں کے تحفظ میں تو دلچسپی رکھتا ہے مگر کمزروں اور بے سہاروں کے لیے انصاف کی فراہمی جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملکی نظام پر ان خاندانوں کا قبضہ ہے جو معاشی طور پر خوشحال اور غریبوں کو قابو میں رکھنے کا ڈھنگ جانتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ووٹ کا اصل تقدس یہ ہے کہ اسے ایماندار اور محب وطن افراد کو دیا جائے ۔جماعت اسلامی دیانتدار اور محب وطن افراد پر مشتمل دینی اور سیاسی جماعت ہے جو ملک میں مدینہ جیسی اسلامی ریاست کا قیام چاہتی ہے ۔

آج کل جو لوگوں ووٹ کے تقدس کی بات کر رہے ہیں اور عدلیہ سمیت قومی اداروں پر انگلیاں اٹھا ر ہے ہیں وہ ووٹ کے تقدس کی بات کس منہ سے کر تے ہیں عوام اب باشعور ہو چکی ہے ۔ عوام کے فیصلے کی رٹ لگانے والے بتائیں کہ جب پوری قوم ممتاز قادری جیسے محب وطن اور اسلام پسند شخص کو اپنا ہیرو مانتی تھی تو انہوں نے قوم کے اس فیصلے کو کیوں نہیں تسلیم کیا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے افراد وزارتوں، ممبر شپ اور بلدیاتی عہدوں پر رہنے کے باوجود ہر طرح کی کرپشن سے پاک رہے ہیں ۔ جماعت اسلامی کی قیادت عوام کا درد اپنے سینوں میں رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قوم آئندہ انتخابات میں کرپشن میں ملوث افراد کا بائی کاٹ کرتے ہوئے ایماندار قیادت کا انتخاب کرے گی جس کے نتیجہ میں نہ صرف ملکی مسائل حل ہوں گے ۔

متعلقہ عنوان :