پی ایس ایل تھری، کراچی کنگز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 19 رنز سے ہرا کر فاتحانہ آغاز

کوئٹہ کی ٹیم 149 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 130 رنز بنا سکی

جمعہ 23 فروری 2018 21:49

پی ایس ایل تھری، کراچی کنگز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 19 رنز سے ہرا کر فاتحانہ ..
دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 19 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا، کراچی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 130 رنز بنا سکی، کنگز کے بائولرز کے سامنے کوئٹہ کا کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، عمر امین 31 اور محمد نواز 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

جمعہ کو کھیلے گئے پی ایس ایل کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت ہوا، کراچی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے، خرم منظور اور جوئے ڈینلی نے ٹیم کو 34 رنز کا آغاز فراہم کیا، ڈینلی 14 رنز بنا کر رن آئوٹ ہو گئے، بابر اعظم کا بلا بھی نہ چلا اور صرف 10 رنز بنا کر چلتے بنے، خرم منظور نے کولن انگرام کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 83 تک پہنچا دیا، یہاں پر منظور 35 رنز بنانے کے بعد انور علی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، 131 کے سکور پر کراچی کی چوتھی وکٹ گری جب انگرام 41 رنز بنا کر آرچر کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، شاہد آفریدی 4، عماد وسیم 2، محمد رضوان 5 اور محمد عرفان بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، ٹیمل ملر 5 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، شین واٹسن نے 3، آرچر اور انور علی نے 2، 2 اور راحت علی نے ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 130 رنز تک محدود رہی، کوئٹہ کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 15 کے سکور پر اس کے 3مستند کھلاڑی آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، واٹسن ایک، اسد شفیق 2 اور کیون پیٹرسن 6 رنز بنا کر میدان بدر ہوئے، 45 کے سکور پر ریلی روسو 18 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، 66 کے سکور پر کوئٹہ کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب کپتان سرفراز احمد 7 رنز بنا کر چلتے بنے، قائد کے آئوٹ ہونے کے بعد عمرامین کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 31 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس موقع پر محمد نواز نے حسن خان کے ساتھ مل کر عمدہ بیٹنگ کی اور ٹیم کا سکور 113 تک پہنچا کر اسے فتح کی آس دلائی تاہم یہاں پر محمد عامر نے نواز کو آئوٹ کر کے حریف ٹیم کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، نواز نے 30 رنز بنائے، انور علی 7 اور آرچر 5 رنز بنا سکے، حسن خان 17 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، عماد وسیم، ملز اور محمد عرفان نے دو، دو جبکہ آفریدی اور محمد عامر نے ایک، ایک وکٹ لی۔