حیدرآباد،اللہ نے نواز شریف کو مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالنے اور انڈین حکمرانوں سے دوستی کی وجہ سے نکالا ہے،مولانا نصر جاوید

موجودہ حکمرانوں نے مسئلہ کشمیر سے رُخ موڑا ہوا ہے،یہی وجہ ہے کہ آج کشمیری پاکستانی جھنڈا لے کر ہندوستان کی فوج کے سامنے لاٹھیوں اور پتھروں سے لڑرہے ہیں، ر ہنما ء کشمیر موومنٹ

جمعہ 23 فروری 2018 21:33

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2018ء) کشمیر موومنٹ کے مرکزی ر ہنما مولانا نصر جاوید مرکز سعد بن معاذؒ میں خطبہ جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے مسئلہ کشمیر سے رُخ موڑا ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج کشمیری پاکستانی جھنڈا لے کر ہندوستان کی فوج کے سامنے لاٹھیوں اور پتھروں سے لڑرہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ اللہ نے نواز شریف کو مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالنے اور انڈین حکمرانوں سے دوستی کی وجہ سے نکالا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج یہ حکمران عوام کے سامنے دھائیاں دیتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر موومنٹ تحریک مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اُٹھائے گی اور مظلوم کشمیر کشمیریوں کی اخلاقی ، سیاسی و سماجی مدد جاری و ساری رکھے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حیدرآباد شہر بھر معززین، سیاسی و سماجی شخصیات نے نماز جمعہ مرکز سعد بن معاذؒ میں ادا کی اور نماز جمعہ کے بعد مرکزی رہنما مولانا نصر جاوید سے ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس وقت مسئلہ کشمیر کو موجودہ حکمرانوں نے پس پشت ڈال دیا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ آج کشمیریوں کے حق خودرادیت کے حوالے سے کوئی بھی آواز بلند کرنے کو تیار نہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو واچ لسٹ میں ڈالنے کی باتیں کرنے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں، آج تک ہندوستان نے اقوام متحدہ کی کسی قرارداد پر عمل نہیں کیا ۔ نہ ہی کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا گیا ، یہی وجہ ہے کہ اقوام متحدہ کی لاٹھی ہمیشہ مسلم ممالک کیلئے استعمال ہوتی رہی ہے ۔ دنیا بھر کے کفر کیخلاف کبھی بھی اقوام متحدہ نے آواز بلند نہیں کی ، ایک طرف کشمیری دوسری طرف فلسطینی آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں ، اقوام متحدہ کٹتے معصوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کو اپنا حق دلوانے میں سنجیدہ نہیں رہی ۔

اس وقت دنیا بھر کا دباؤ پاکستان پر استعمال کیا جارہا ہے اور پاکستان کے موجودہ حکمران آپس کی رسہ کشی میں مصروف عمل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج مظلوم ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں ، ہمیں چاہئے کہ ہم مل کر مسئلہ کشمیر کی جانب حکمرانوں کو متوجہ کریں اور ساتھ ساتھ دنیا بھر میں پاکستان کیخلاف ہونے والی سازشوں کا بھرپور جواب دیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ بھر سے کشمیریوں کی حمایت کی آواز بلند ہونی چاہئے ۔ یہ وقت خاموش بیٹھنے کا نہیں ہے ، کشمیری اپنی تحریک آزادی کی جدوجہد کے آخری مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔ اس وقت ان کا بھرپور ساتھ دینا ہمارے پر فرض ہے ۔