پاکستان نیوی کے افسران نے ایس ایس یو کمانڈوزکے پیشہ وارانہ معیار کو سراہا

پی این ایس بہادرکے 10 رکنی وفد کا ایس ایس یو ہیڈکوارٹر کا دورہ

جمعہ 23 فروری 2018 20:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2018ء) پی این ایس بہادرکے 10 رکنی وفدنے کموڈور ثاقب خٹک کی سربراہی میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈکوارٹر کادورہ کیا اورایس ایس یو کے انتظامی امور اورکمانڈوزکے پیشہ وارانہ معیارکو سراہا۔وفد نے ایس ایس یو ہیڈکوارٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے کمانڈوز کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔

کمانڈنٹ ایس ایس یو مقصود احمد نے افسران کو ایس ایس یو کے مختلف شعبوں کی کارکردگی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ایس ایس یومیں ملک کی پہلی اسپیشل ویپن اینڈٹیکٹکس (S.W.A.T) ٹیم قائم کی گئی ہے ۔انھوں نے مزید بتایاکہ کمانڈوز کو جدید پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی جارہی ہے اور بین الاقوامی ادارے یونائیٹڈکنگڈم ایکریٹیڈیشن سسٹم (UKAS )برطانیہ کی جانب سے انسداد دہشت گردی آپریشنزمیں اعلیٰ کارکردگی،ملکی وغیرملکی شخصیات واہم تنصیبات کو مؤثر حفاظتی سہولت فراہم کرنے پر ISO سرٹیفیکیٹ جاری کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

مقصود احمد نے بتایا کہ نیوی سیلز کمانڈوزکے ذریعے نتھیاگلی کے مقام پر ایس ایس یو کے کمانڈوزکوانسداددہشت گردی کی تربیت فراہم کی جارہی ہے اور ابھی تک دوبیچ اپنی تربیت مکمل کرچکے ہیں۔کمانڈنٹ نے پاکستان نیوی کی جانب سے ایس ایس یو کمانڈوز کو جدید طرز کی ٹیکٹیکل ٹریننگ فراہم کرنے پران کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی پاکستان نیوی کی جانب سے کمانڈوز کو تربیت فراہم کی جاتی رہے گی۔

مقصود احمد نے کہا کہ ہم اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈوز کوپاکستان آرمی ، نیوی اور ایئرفورس کے اسپیشلائزڈ ٹریننگ سینٹرز سے جدید طرزکی تمام ممکن پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ انسداد دہشت گردی اور سیکیورٹی کے سلسلے میں جدید چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکے۔ نیوی کے افسران نے سیکیورٹی اور کاؤنٹرٹیررزم آپریشنز کے سلسلے میں ایس ایس یو کے پیشہ وارانہ معیار کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان نیوی ایس ایس یو کے کمانڈوز کو ٹیکٹیکل ٹریننگ فراہم کرتی رہے گی۔

نیوی کے افسران نے S.W.A.T ٹیم کے کمانڈوز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف فرضی مشقوں کا مظاہرہ بھی دیکھا۔بعد ازاں کمانڈنٹ مقصود نے کموڈور ثاقب خٹک کو ایس ایس یو کی شیلڈپیش کی۔کموڈور ثاقب خٹک نے بھی کمانڈنٹ مقصود احمد کو شیلڈپیش کی۔

متعلقہ عنوان :