ایم کیو ایم پاکستان ہو یا لندن دونوں نے اردوں بولنے والوں کا سودا کیا ہے، وقار مہدی

فاروق ستارسمیت دیگرلوگ اردو بولنے والوں کے ٹھیکیدار نہ بنیں‘اردو بولنے والوں کو تمام قوموں سے لڑوانے کا سہرا بھی متحدہ ہی کے سر جاتا ہے

جمعہ 23 فروری 2018 20:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ہو یا لندن دونوں نے اردوں بولنے والوں کا سودا کیا ہے اوراردو بولنے والوں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا۔ یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ سینٹرل لیاقت آباد الکرم اسکوائرپی ایس 106 میں رکنیت سازی مہم کے سلسلے میں لگائے گئے کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ سندھ کے نائب صدر راشد حسین ربانی، ارشد نقوی،جنرل سیکریٹری سینٹرل دل محمد،سیکریٹری اطلاعات سینٹرل شہزاد مجید، محمد اشرف ودیگر موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ فاروق ستارسمیت دیگرلوگ اردو بولنے والوں کے ٹھیکیدار نہ بنیں‘اردو بولنے والوں کو تمام قوموں سے لڑوانے کا سہرا بھی متحدہ ہی کے سر جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے اپنے دور اقتدار میںاردو بولنے والوں کو چن چن کر قتل کروایا اور ان کا خدا بننے کی کوشش کی مگر اب ان کا مکرہ چہرہ عوام کے سامنے عیاں ہوچکا ہے کہ کراچی شہرمیں 3دہائیوں سے اقتدار میں رہنے کے باوجود کراچی کے بنیادی کام بھی ڈھنگ سے نہیں کرسکے اور کراچی شہر کے عوام سمیت اداروں کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ سے جان چھوٹ نے پر شہر ترقی کی جانب گامزن ہے اور کراچی شہر کے بنیادی مسائل چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری حل کرنے کیلئے مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے کراچی شہر میں ترقیاتی کاموں کا چال بچھا دیا ہے جس سے کراچی کو جاگیر سمجھنے والوں کی نیند حرام ہو گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت لاکھوں اردو بولنے والوں کا مستقبل پیپلزپارٹی میں ہے اوراس سال ہونے والے الیکشن میں پیپلزپارٹی ڈسٹرکٹ سینٹرل سمیت پورے کراچی سے عوامی ووٹوں کے ذریعے بھرپور سیٹیں جیت کر سرخرو ہوگی۔