وفاقی دارالحکومت میں مبارک دن جمعہ کو بھی سٹریٹ کرائم عروج پر رہا

جمعہ 23 فروری 2018 20:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2018ء)وفاقی دارلحکومت میں جمعہ کے روز بھی سٹریٹ کرائم عروج پر تھا ،اسلام آباد میں کا ر چوری کی 2اور گھریلو چوری کی ایک واردات پیش آئی ۔تفصیلات کے مطابق پہلی واردات اسلام آباد کے سیکٹر F-6میں پیش آئی جس میں خرم امتیاز نامی ملزم نے اپنے 2نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ مدعی نوید ارشد کی ہنڈا سوک گاڑی جس کا نمبرACJ-004تھا چوری کر کے فرار ہو گئے تاہم مدعی کی درخواست پر تھا نہ کوہسار میں مقدمہ نمبری 87درج کر لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری واردات ایک نجی کمپنی کے ڈرائیور کے ساتھ پیش آئی جو کہ معمول کی ڈیوٹی کر رہا تھا جب نامعلوم ملزمان نے اس کی گاڑی نمبرAEG-658روکی اور اس پر فائرنگ شروع کر دی جس پر وہ موقع پر ہی جان بحق ہو گیااور ملزمان اس کی گاڑی چرا کر فرار ہوگئے تاہم پولیس نے مقتول کی شناخت کرنے کے بعد لاش ورثہ کے حوالے کر دی ہے ،مدعی کے بھائی کی درخواست پر مقدمہ نمبری 85 درج کر لیا گیا ،گھریلو چوری میں مدعی اشرف شہزاد اپنی جمع پونجی سے ہاتھ دھو بیٹھے جب نامعلوم ملزمان ان کے گھر میں داخل ہو کر نقدی اور گھریلو سامان چوری کر کے فرار ہو گئے مدعی کی درخواست پر تھانہ لوہی بھیر میں مقدمہ نمبر ی 61درج کر لیا گیا ۔۔۔۔ذیشان کمبوہ