نواز شریف پاکستان مسلم لیگ(ن) کے روح رواں ہیں اور رہیں گے، نواز شریف کی سیاست کو جدا نہیں کیا جاسکتا، نوازشریف کو دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا، ایسے اقدامات نہیں ہونے چاہئیں جن سے اداروں کے درمیان محاز آرائی ہو، مسلم لیگ (ن) کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں نئے صدر کا اعلان کیا جائیگا، بدقسمتی سے پاکستان کو بیرونی خطرات کا سامنا ہے، ملک دشمن قوتیں ہماری اقتصادی اورمعاشی کامیابیوں سے خائف ہیں اسی لیے وہ ہمارے خلاف متحد ہوچکی ہیں، دشمن چاہتا ہے کہ پاکستان میں امن نہ ہو،

ہندوستان باہر سے سرجیکل سٹرائیک کی دھمکیاں دے رہا ہے ہمیں اس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،اندر سے سیاسی استحکام پر سرجیکل سٹرائیک ہو رہی ہیں وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال کا لاہور کالج فاروویمن یونیورسٹی میں بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

جمعہ 23 فروری 2018 20:15

نواز شریف پاکستان مسلم لیگ(ن) کے روح رواں ہیں اور رہیں گے، نواز شریف ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف پاکستان مسلم لیگ(ن) کے روح رواں ہیں اور رہیں گے، نواز شریف کی سیاست کو جدا نہیں کیا جاسکتا، نوازشریف کو دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا، ایسے اقدامات نہیں ہونے چاہئیں جن سے اداروں کے درمیان محاز آرائی ہو، پہلے نیب لوگوں کو بامشرف کرتی تھی اب بے نواز کررہی ہے، پارلیمینٹ اورانتظامیہ پر سرجیکل سٹرائیکس کی جارہی ہیں، مسلم لیگ (ن) کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں نئے صدر کا اعلان کیا جائیگا، بدقسمتی سے پاکستان کو بیرونی خطرات کا سامنا ہے، ملک دشمن قوتیں ہماری اقتصادی اورمعاشی کامیابیوں سے خائف ہیں اسی لیے وہ ہمارے خلاف متحد ہوچکی ہیں، دشمن چاہتا ہے کہ پاکستان میں امن نہ ہو، ہندوستان سرجیکل سٹرائیک کی دھمکیاں دے رہا ہے ہم ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے لیکن اندر سے بھی سیاسی استحکام پر سرجیکل سٹرائیک ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں شعبہ فارسی، فردوسی چیئر، ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد، خانہ فرھنگ اسلامی جمہوریہ ایران اور مسلم انسٹیٹیوٹ کے تعاون سے "امن و سلامتی کے فروغ میں تصوف و عرفان کا کردار" کے موضوع پر تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس میں وائس چانسلر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی، ڈائریکٹر جنرل ایران کلچرل سنٹر لاہور رضائی فرد، رجسٹرار مسز عظمیٰ بتول، ڈائریکٹر آئی ایل سی لاہور کالج یونیورسٹی مس فریحہ باسط، مختلف شعبہ جات کے صدور اور ملکی و بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے اساتذہ کرام نے شرکت کی۔ احسن اقبال نے کہا کہ تصادم کے بجائے امن اورہم آہنگی عالمی امن کیلئے ضروری ہے، ہر نظام کا ایک مقصد ہوتا ہے اور کسی بھی سسٹم کی کامیابی کا دارومدار ہم آہنگی پر ہے اور اس یقین کے مطابق کام کیا جائے تو نظام میں خلل پیدا نہیں ہوتا، دنیا سمٹ رہی ہے لیکن رشتے ٹوٹ رہے ہیں، ترقی کا امن سے بہت گہرا تعلق ہے، رزق بھی امن سے مشروط ہے۔

انہوں نے کہا کہ مایوسی انسان کو ذہنی تناؤ کی طرف لے جاتی ہے اورذہنی تناؤ انسان کو ترقی سے دور کردیتا ہے، ذہنی تناؤ کا شکار انسان یا قوم ستیا ناس اور بیڑہ غرق کی تھیوری کے سوا کچھ نہیں دے سکتا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سابقہ ادوار میں لوڈشیڈنگ عروج پر تھی اور ہم معاشی طور پر کمزور تھے لیکن آج بحثیت پاکستانی خود پر اعتماد پیداکرنا ہے، ملک میں امن کے سائے ہیں، لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی ہے اور اس وقت پاکستان کا دنیا کی ابھر تی ہوئی ریاستوں میں پانچواں نمبر ہے، ایک وقت تھا کہ نیوز ویک نے پاکستان کو دنیا کے لیے خطرناک ملک قرار دیا تھا لیکن آج وہی میڈیا پاکستان کو دنیا کا ابھر تا ہوا ترقیاتی ملک قرار دے رہا ہے، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان دنیا کی پچیس بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات امید کی کرن ہیں اور وہ اپنی مہارت اور پیشہ ورانہ علوم کے ذریعے روشنی کا دیا جلائیں، ہم نے کامیابیوں کے ذریعے اپنی منزل حاصل کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے جہاں دہشت گردی ختم ہوچکی ہے، سری لنکا، ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں، پی ایس ایل کے میچز پہلے لاہور میں ہوئے تھے، اب کراچی میں ہوں گے۔

نیب کی طرف سے احد چیمہ کی گرفتاری کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ نیب پہلے لوگوں کو با مشرف کیا کرتی تھی اب بے نواز کرنے کا آلہ کار بن رہی ہے ، یہ افسوسناک واقعہ ہے اداروں میں محاذ آرائی نہیں ہونی چاہیے۔ ایک اور سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی صدارت کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلا یا گیا ہے جہاں سات دن کے اندر صدر کااعلان کیا جائیگا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ نواز شریف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے روح رواں ہیں اور رہیں گے، نواز شریف کو مسلم لیگ ن کی سیاست سے جدا نہیں کیا جاسکتا، ایسے اقدامات نہیں ہونے چاہئیں جن سے اداروں کے درمیان محاز آرائی ہو۔ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی ہے جو کراچی سے گلگت اور پشار سے گوادر تک عوام میں مقبول ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹرعظمیٰ قریشی نے امن و سلامتی کے حوالے سے صوفیا ء کرام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے موجودہ عہد میں تصوف و عرفان کی ضرورت و اہمیت پہ روشنی ڈالی۔

ڈاکٹر فلیحہ زھرا کاظمی صدر شعبہ فارسی نے بتایا کہ کانفرنس میں دنیا بھر کے مختلف ممالک تاجکستان، ایران، آزربائجان،افغانستان، انڈیا، ترکی اوردیگر ممالک سے مقالات پڑھے گئے۔ ڈائریکٹر جنرل خان فرہنگ ایران لاہور رضائی فرد نے بھی اپنے خطاب میں عالمی معاشرے میں امن و سلامتی کے فروغ اورتحفظ کے لیے صوفیائے کرام کے کردار کو واضح کیا۔