پاکستان سپر لیگ کا دوسرا میچ، کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی

muhammad ali محمد علی جمعہ 23 فروری 2018 20:06

پاکستان سپر لیگ کا دوسرا میچ، کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست ..
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23فروری2018ء) پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیکر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے دوسرے میچ میں 150رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلا نقصان 4 کے مجموعی سکور پر ہوا جب شین واٹسن ایک رن بنا کر رن آﺅٹ ہو گئے۔

تیسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر عماد وسیم نے کوئٹہ کے دوسرے اوپنر اسد شفیق کو بھی خرم منظور کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ کرا دیا۔کوئٹہ کے تجربہ کار کھلاڑی کیون پیٹرسن بھی 15 کے مجموعے پر 6 رنز بنا کر روی بوپارا کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو ئے۔45 کے مجموعی سکور پر جارحانہ مزاج بلے باز رلی روسو بھی 18 رنز بنا کر عماد وسیم کا شکار بن گئے۔

(جاری ہے)

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 7 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

شاہد آفریدی نے عمر امین کو 31 کے انفرادی سکور پر باﺅنڈری پر شاندار کیچ پکڑ کر آﺅٹ کیا۔ محمد نواز کی 30رنز کی مزاحمتی اننگز کا خاتمہ محمد عامر کے ہاتھوں ہوا جبکہ انور علی بھی صرف7رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو جوڈینلی اور خرم منظور نے اننگز کا آغاز کیا۔اوپننگ بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پہلی وکٹ پر 34 رنز جوڑے تو جو ڈینلی 14 رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوگئے۔

57 رنز کے مجموعے پر بابر اعظم 10 رنز بناکر راحت علی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آﺅٹ ہوئے۔83 کے مجموعی سکور پر خرم منظور 39 گیندوں پر 35 رنز بنا کر انور علی کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے۔خرم منظور کے آﺅٹ ہونے کے بعد کولن انگرام اور روی بوپارا نے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے ہوئے 131 رنز تک پہنچایا تو کولن انگرام 21 گیندوں پر 41 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔

انگرام کے آﺅٹ ہونے کے بعد بوپارا بھی ایک رنز کے اضافے کے بعد 24 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔138 کے مجموعے پر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم 2 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے۔شاہد آفریدی 8 گیندوں پر 4 رنز بنا کر شین واٹسن کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے جبکہ اگلی ہی گیند پر شین واٹسن نے عرفان خان جونیئر بھی کیچ آﺅٹ ہو گئے۔محمد رضوان نے آخری اوور کی تیسری گیند پر واٹسن کو چوکا لگایا جبکہ اگلی ہی گیند پر واٹسن نے انہیں وکٹوں کے پیچھے کیچ آﺅٹ کرا دیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن نے تین اورانور علی اور آرچر نے دو، دوکھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔