عوام موروثی سیاسی پارٹیوں کی عوام دشمن پالیسیوں سے مایوس اور متنفر ہو چکے ہیں،اسدقیصر

عوام مداریوں کے دھوکے میں آئے بغیر آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کو بھر پور پذیرائی دیں گے

جمعہ 23 فروری 2018 19:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2018ء) سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ عوام موروثی سیاسی پارٹیوں کی عوام دشمن پالیسیوں سے مایوس اور متنفر ہو چکے ہیں ۔اب عوام عمران خان کی عوام دوست پالیسیوں کو پسندیدگی کی نظر سے دیکھتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے پرچم تلے جوق درجوق اکھٹے ہورہے ہیں۔عوام مداریوں کے دھوکے میں آئے بغیر آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کو بھر پور پزیرائی دیں گے اور ان انشاء اللہ صوبوں اور مرکز میں تحریک انصاف کی مضبوط حکومتیں قائم ہوں گی اور عمران خان کی صورت میں ایک دیانتداراور بے لوث قیادت ملک کو نصیب ہوگی ۔

انہوںنے کہا کہ اگر آئندہ موقع ملاتو گدون انڈسٹریل سٹیٹ کی مراعات کو بحال کیا جائے گااورگدون میں پختہ سڑکوں کا جال بچھایا جائے گاجبکہ گدون میں پانی کی فراہمی کا مسئلے کا حل بادہ ڈیم کی تعمیر سے مستقل طورپر ممکن ہو جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ تحریک انصا ف کی صوبائی حکومت خیبر پختونخوا میں جو مثبت تبدیلی لائی ہے عوام اس تبدیلی کی زبردست پزیرائی کر رہے ہیں ۔

لوگ صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے پی ٹی آئی پر بھروسہ کرنے لگے ہیں ۔مسلم لیگ (ن)،اے این پی اور ایم ایم اے نے عوام سے ووٹ تو لئے لیکن عوام کی توقعات پورااترنے میں ناکام رہے عوام نے ان پارٹیوں کویکسر مستردکردیا ہے ۔انہوںنے ان خیالات کا اظہار منگل چائی (گدون)میں روڈ کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جلسے کے اختتام پر سینکڑوں کی تعداد میں لوگوںنے مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت کی ۔

سپیکر نے کہا کہ وہ سیاست اپنے مٹی اور عوا م سے وفاکرکے خدمت کرنے کیلئے کرتے ہیں۔پیسہ کمانے اور کرپشن کی سیاست پر لعنت بھیجتاہوں ۔عوام باشعور ہیں اوران پر بخوبی واضح ہو گیاہے کہ کون حقیقی خدمت اور دیانتدارانہ سیاست کررہا ہے اور کن لوگوںنے جھوٹ ،منافقت، جھوٹے نعروں اورکرپشن وکمیشن کی سیاست کی ۔انہوںنے کہا کہ یہ ہی وجوہات ہیں کہ عوام جوق درجوق پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کررہے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ صوبے کے عوام کے بہترین مفاد کی خاطر انہوںنے سی پیک کی جنگ لڑی اور عوام کی دعاؤں سے یہ جنگ پشاور ہائی کورٹ کے توسط سے جیت کردکھائی ہے۔یہ عوام کی جیت ہے انہوںنے کہا کہ سی پیک کے تحت خیبرپختونخوامیگاپراجیکٹس کا اجراء کیا جائے گا ۔جس سے صوبے میں خوشحالی آئے گی اور صوبے میں لاکھوں روزگا رکے مواقع پیداہوںگے ۔انہوںنے کہا کہ خیبرپختونخوا کے بے روزگاروں کو اب بیرونی ممالک روزگار کیلئے نہیں جانا پڑے گابلکہ عنقریب صوبے میں روزگار کے بے تحاشا مواقع میسرہوں گے ۔

انہوںنے کہا کہ آئندہ منتخب ہوکر بے روزگاروں کو روزگار کی فراہمی اورکسانوں اور زمینداروں کی فلاح وبہبود پر اپنی پوری توجہ مرکوزکروں گا۔انہوںنے کہا کہ صوابی کو ترقیافتہ ضلع کے ہم پلہ بنادیا ہے لوگوں کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیزپر پہنچائی ہیں۔انہوںنے کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ عوام کارکردگی کی بنیادپر آئندہ بھی تحریک انصاف کو مزید اکثریت سے کامیاب کرکے اقتدار کے ایوانوں تک پہنجائیں گے ۔تاکہ صوبے میں ترقی کا پہیہ رواں دواں رہے ۔

متعلقہ عنوان :