دیہی علاقوں کی ترقی کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ سماجی تنظیموں کا کردار قابل ستائش ہے،سابق صوبائی وزیر بیگم شمع پروین مگسی

جمعہ 23 فروری 2018 19:43

کوئٹہ ۔23 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء)سابق صوبائی وزیر بیگم شمع پروین مگسی نے کہا کہ دیہی علاقوں کی ترقی کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ سماجی تنظیموں کا کردار قابل ستائش ہے حکومتی اداروں اور غیر ملکی امدادی تنظیموں کے اشتراک سے پائیدار ترقی کے اہداف کو حصول جلد ممکن بناکر ان کے مثبت نتائج عوام کونچلی سطح پر منتقل کیئے جاسکتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی آر ایس پی، ایل آر جی ڈی ڈی کے زیر اہتمام بلوچستان رورل ڈویلپمنٹ اینڈ کمیونٹی امپاورمنٹ کے پراجیکٹ کے تحت کمیونٹی اویرنس ٹول کٹ کے حوالے سے منعقد ہ پانچ روزہ تربیتی پروگرام کے شرکاء میں اسناد کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیتی پروگرام میں بی آر ایس پی اور این آر ایس پی کے علاوہ گورنمنٹ آف بلوچستان کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سابق صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب میں مزیدکہا کہ میر اتعلق بھی دیہی علاقے سے ہے اور دیہی علاقوں میں صحت اورتعلیم کے شعبوں میں ترقی اورلوگوں کو ان کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی سے ان میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے تربیتی اور شعوری پروگراموں کے ذریعہ دیہی علاقوں کے عوام میں تعلیم اور صحت کے حوالے سے شعور اجاگر ہوگا جس سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہوگی۔

انہوں نے آر ایس پی این ، بی آر ایس پی اور این آر ایس پی کی اس حوالے سے کارکردگی اور کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ لوکل گورنمنٹ کے ساتھ ملکر وہ عوام کی خدمت کو زیادہ بہتر انداز میں سرانجام دے سکیں گے ۔ قبل ازیں تربیتی پروگرام کے حوالے سے سینئر منیجر پی ایم ای آر ( BRSP) سراج الحق غوری اور پروگرام منیجر بی آر ڈی سی ایف ( RSPN) احمد اللہ نے تقریب کے شرکاء کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں سابق صوبائی وزیر بیگم شمع پروین مگسی نے تربیتی پروگرام میں حصہ لینے والے شرکاء میںاسناد تقسیم کیئے اور انہیں ٹریننگ پروگرام مکمل کرنے پرمبارکباد پیش کی۔