تعلیمی اداروں کی طالبات کیلئے ویڈیوڈاکومنٹری اور آگاہی مہم کاانعقاد

جمعہ 23 فروری 2018 19:42

پشاور۔23 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء)صوبہ میں سیاحت کے فروغ اور سکول و کالجز کی طالبات میں صوبائی سیاحت و ثقافت سے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا نے اسلامیہ پبلک سکول میں ''ہماری تاریخ ہماری پہچان '' کے موضوع پر ایک روزہ آگاہی مہم کا انعقاد کیاجس میں ویڈیو ڈاکو منٹری کے ذریعے صوبے کی تاریخ اور سیاحتی مقامات سے متعلق معلومات فراہم کی گئی جبکہ ساتھ ہی خاکے پیش کرکے طالبات کو آگاہی دی گئی ، ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا نے صوبہ میں سیاحت کے فروغ اور سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم کا سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ خواتین وطالبات کیساتھ ہونے والی زیادتیوں سے کیسے بچا جا ئے اور صوبے کے سیاحتی مقامات جہاں اب تک طالبات نہیں جا سکیں اور ان کو اپنی سیاحت و ثقافت سے متعلق علم نہیں انہیں معلومات فراہم کی جائے ، منیجرایونٹس اینڈ مارکیٹنگ ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا حسینہ شوکت نے آگاہی مہم سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ سرکاری و نجی گرلزسکولز و کالجز کی طالبات کیلئے ڈاکومنٹری پیش کرنے کا مقصد ان کو صوبہ کی تاریخ سے روشناس کرانا ہے تاکہ نصابی تعلیم کیساتھ ساتھ ویڈیو ڈاکومنٹری کے ذریعے بھی اپنے صوبہ کے حسین مقامات ، صوبائی ثقافت و روایات کو جان سکیںاور ساتھ ہی خاکوں کے ذریعے طالبات میں آگاہی فراہم کی گئی ، ڈاکومنٹری مزید سرکاری سکولوں میں بھی پیش کی جائے گی،انہوں نے مزید کہاکہ ویڈیوز ڈاکومنٹری کے ذریعے طالبات کو بہترین آگاہی فراہم کی جاسکتی ہے اور اس سے وہ طالبات بھی مستفید ہوسکتی ہیں جو کہ اپنی مجبوری کے باعث ان علاقوں کا رخ نہیں کرسکتیں جبکہ ان ڈاکومنٹری کے ذریعے نوجوان نسل کو اپنے صوبہ میں سیاحت کے بارے میں آگاہی ملے گی جس سے یہ نوجوان فیمیلز کے ہمراہ ان علاقوں کا رخ کرینگے ۔